مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، 3 نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، 3 نوجوان شہید
لاک ڈائون کے باعث مقبوضہ وادی میں بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہوگئی  ہے
مقبوضہ وادی میں ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی مسلسل بند ہے

سری نگر(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر  میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ قابض فوج کی کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ برقرار ہے،  مقبوضہ وادی میں  لاک ڈائون اور کرفیو کا آج 43واں روز ہے ، ایک جانب  جبری پابندیاں عائد ہیں تو دوسری جانب خون کی پیاسی قابض فوج نہتے کشمیریوں کا لہو بہانے میں مصروف ہے۔بھارتی فوج نے جموں میں گولیاں مار کر دو نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ ایک نوجوان کو دوران حراست بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا۔ اخلاق احمد خان نامی نوجوان کو پولیس نے حراست میں لینے کے بعد جانی پور اسٹیشن منتقل کیا جہاں اسے شہید کردیا گیا۔لاک ڈائون کے باعث مقبوضہ وادی میں بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہوگئی ہے جبکہ ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی مسلسل بند ہیں۔