صدر زرداری ,سینیٹر چودھری تنویر کی بے نامی جائیداد کو منجمد کیا گیا

ایف بی آر کا بے نامی اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی مہلت ختم ہوتے ہی بے نامی جائیدادوں کی ضبطگی کا عمل شروع
ایمنسٹی اسکیم سے ایک لاکھ 10ہزار افراد فائدہ اٹھاچکے ہیں، شبر زیدی
ایمنسٹی اسکیم سے مزید 25ہزار افراد فائدہ اٹھانے کو تیار ہیں،
اثاثے اور اخراجات بتانے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوگی اور ظاہر کردہ اثاثوں کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا،چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد(صباح نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ّایف بی آر)نے بے نامی اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی مہلت ختم ہوتے ہی بے نامی جائیدادوں کی ضبطگی کا عمل شروع کردیا۔وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ایسٹس ڈیکلیئریشن اسکیم 2019 میں تین جولائی تک توسیع کی گئی تھی جس کی مدت دفتری اوقات تک تھی۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی جانب سے ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد بے نامی جائیدادوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کردیا گیا ہے۔ایف بی آر نے دفتری اوقات کار ختم ہوتے ہی اثاثے ظاہر کرنے کا ویب پورٹل بھی بند کردیا ہے۔چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)شبر زیدی نے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم سے مستفید لوگوں کی تعداد ایک لاکھ 35ہزار سے زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت ایک لاکھ 10ہزار افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں اور مزید 25 ہزار افراد پائپ لائن میں ہیں۔۔ایف بی آر حکام کے مطابق ایمنسٹی اسکیم سے اب تک 70ارب روپے کی ٹیکس آمدن ہوئی جبکہ گزشتہ اسکیم سے124ارب روپے ریونیو حاصل ہوا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال اسکیم سے84ہزار افراد نے استفادہ کیا تھا۔خیال رہے کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا بدھ کو آخری دن  تھا اور بینکنگ اوقات کے دوران اس سے فائدہ اٹھایا جاسکتا  تھا۔شبر زیدی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اثاثہ جات اسکیم میں اب تک95000افراد نے خود کو رجسٹرڈ کرایا۔وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر نے پیر کے روز بتایا تھا کہ 80ہزار افراد بے نامی اثاثہ جات ظاہر کرنے کے لیے حکومت سے رابطہ کرچکے ہیں۔ایف بی آر کے مطابق بے نامی قوانین سے متعلق موثر نظام بن چکا ہے اور یکم جولائی 2019سے فعال ہے، ایسٹس ڈکلیئریشن اسکیم میں اثاثے اور اخراجات بتانے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوگی اور ظاہر کردہ اثاثوں کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

کراچی میں بھی ایف بی آر کو8 بے نامی جائیداد ضبط کرنے کی اجازت مل گئی،ذرائع کے مطابق بے نامی جائیدادوں میں کراچی سول لائنز میں ایک پلاٹ بھی شامل ہے،سول لائن میں دو پراپرٹیز ضبط کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق ضبط کی جانے والی جائیداوں میں7 جائیداد اومنی گروپ کی ہیں جبکہ کلفٹن بلاک پانچ میں بھی ایک پلاٹ ضبط کر لیا گیا۔

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ کراچی میں سابق صدر زرداری کی بے نامی جائیدادوں کو کل ایف بی آر نے منجمد کیاسینیٹر چودھری تنویر کی 6ہزار کنال بے نامی جائیداد کو بھی منجمد کیا گیااپوزیشن کے سیاسی انتقام کے بیانیے کو مسترد کرتی ہوں،ن لیگ نے اپنے دور میں پنجاب پولیس کو سیاست زدہ کردیاتھا،کس کو نہیں پتہ کہ رانا ثنا اللہ کے کالعدم تنظیم سے کیا رابطے تھے، بڑا شخص بڑا کام بڑی گاڑی میں ہی کرسکتا ہے۔منشیات استعمال کرنیوالوں کے سہولت کاروں کو پہلے گرفتار ہونا چاہیے۔عوام توقع کررہے تھے کہ ن لیگ رانا ثنا اللہ سے لا تعلقی کا اظہار کریگی۔ میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق نے کہا کہ افسران نے طاقتور شخص کو روک کر ملک اور دھرتی سے وفاداری نبھائی ۔اچھے عمل پر اداوں پر تنقید کی بجائے انکی کارکردگی پر حوصلہ افزائی ہونی چاہیئے ۔اپوزیشن کے سیاسی انتقام کے بیانیے کو مسترد کرتی ہوں۔افسران نے جان پر کھیل کر مافیا کے خلاف کارروائی کی ۔ن لیگ نے اپنے دور میں پنجاب پولیس کو سیاست زدہ کردیاتھا کس کو نہیں پتہ کہ رانا ثنا اللہ کا سانحہ ماڈل ٹاون میں کیا کردار تھا:معاون خصوصی نے کہا کہ کس کو نہیں پتہ کہ رانا ثنا اللہ کے کالعدم تنظیم سے کیا رابطے تھے ۔کراچی میں سابق صدر زرداری کی بے نامی جائیدادوں کو کل ایف بی آر نے منجمد کیاسینیٹر چودھری تنویر کی 6ہزار کنال بے نامی جائیداد کو بھی منجمد کیا گیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت قانون کے مطابق کارروائی کرے گی،کوئی دبا ؤقبول نہیں کیا جائیگااب ہر شخص کو قومی خزانے میں ٹیکس ادا کرنا ہوگا ۔