ہزار40.000 روپے کے پرائز بانڈ پر پابندی لگانے کافیصلہ

ہزار40.000 روپے کے پرائز بانڈ پر پابندی لگانے کافیصلہ کیا گیا ہے اور تمام بانڈز رجسٹرڈ ہوں گے، ٹرانزکشن اکائونٹس کے ذریعے ہوگی، بانڈز کو  اب کوئی کالے دھن کیلئے استعمال نہیں کرسکے گا۔ بانڈز کو ڈیفنس سرٹیفکیٹ اور  نیشنل سیونگ سرٹیفکٹس میں بھی تبدیل کیا جاسکے گا۔
وفاقی کابینہ کا ارکان پارلیمنٹ  کے حوالے سے پروڈکشن آرڈر اورسزا یافتہ قیدیوں کی جیلوں میں اے کلاس سے متعلق قوانین  پر نظرثانی کا اعلان
سی ڈی اے کو دوہفتوں میں نیا ماسٹر پلان بنانے کا حکم
رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے  حکومت کا کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے آزاد و خودمختار ہیں اورقانون سے کوئی بالاتر نہیںہے
معاون خصوصی اطلاعات و نشریات کی کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ  کے حوالے سے پروڈکشن آرڈر اورسزا یافتہ قیدیوں کی جیلوں میں اے کلاس سے متعلق قوانین  پر نظرثانی کا اعلان کردیا، سی ڈی اے کو دوہفتوں میں نیا ماسٹر پلان بنانے کا حکم جاری کردیا گیا، کونسل برائے بزرگ شہریان قائم کردی گئی، قومی کمیشن برائے تحفظ اطفال بھی قائم کردیا گیا، بے نامی جائیداد ضبط کرنے کی اتھارٹی کو کارروائیوں کی ہدایت کردی گئی، وزارت داخلہ کو  اسلام آباد میں  روزگار نوجوانان کی حکمت عملی طے کرنے کی ہدایت کردی گئی، کابینہ نے سی ڈی اے اور پاکستان اسٹیل مل کی تنظیم نو کا اعلان بھی کردیا ہے ، اسٹیل مل کو نجی شعبے کی معاونت سے چلایا جائے گا جبکہ بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا گیا، اس حوالے سے رپورٹ کی تیاری کو تیز کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ یہ فیصلے  منگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی   صدارت میں  وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے ، اجلاس میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے  حکومت کا کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے آزاد و خودمختار ہیں اورقانون سے کوئی بالاتر نہیںہے۔ بدعنوانیوں اور سنگین جرائم میںملوث ارکان کے کیسے پروڈکشن آرڈر جاری ہوسکتے ہیں اس حوالے سے وزارت داخلہ  قانون پرنظرثانی کی تجاویز تیار کرے اسی طرح جیلوں میں  سزا یافتہ قیدیوں کو عام قیدیوں کے ساتھ  رکھنا ضروری ہے، ملک و قوم کو لوٹنے والوں  کو ایک اے کلاس نہیں مل سکتی۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد پی آئی ڈی کے  میڈیا سنٹر میں  کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  کہاکہ پہلی بار حجاج کرام کی امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی ہوگی،  وزیراعظم پہلی حج فلائٹ کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سینئر سٹیزن کونسل قائم کردی گئی ہے، اولڈ ایج ہوم بنے گا ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ میںکابینہ اور وزیراعظم سب سماجی شعبے کی خدمت کے نشے سے سرشار ہیں۔ کابینہ کے اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا۔وزیراعظم نے چیئرمین سی ڈی اے کو ماسٹر پلان بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد میںگند ہی گند ہے ،صفائی کا ناقص انتظام ہے  اسٹریٹ لائٹ کی مد میں ایک ارب روپے  جبکہ صفائی کیلئے بھی ایک ارب روپے ادا کیے جاتے ہیں اس لئے سی ڈی اے کے حسابات کی  خصوصی جانچ پڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ کابینہ نے سی ڈی اے کو اسلام آباد کے گرین بیلٹس میں قبضہ مافیا کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ سی ڈی اے اور اسلام آباد میونسپل کارپوریشن   کے اختیارات میں توازن لائیں گے ، اسلام آباد کیلئے منظم بلدیاتی نظام ہوگا، سی ڈی اے  مینٹیننس کی ذمہ دار نہیںہوتی اس حوالے سے پاک پی ڈبلیو ڈی کی ذمہ داری کا جائزہ لیا گیا۔ سی ڈی اے کی ذمہ داری گرین  کلین اسلام آباد ہے۔ وہ ہائوسنگ کے منصوبے بنائے، وفاقی ترقیاتی ادارے کو دو ہفتے میں  اسلام آباد میں  بہتری کا روڈ میپ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کوہدایت کی گئی ہے کہ اسلام آباد میں یوتھ ایمپلائمنٹ کی حکمت عملی بنائے ، 40ہزار روپے کے پرائز بانڈ پر پابندی لگانے کافیصلہ کیا گیا ہے اور تمام بانڈز رجسٹرڈ ہوں گے، ٹرانزکشن اکائونٹس کے ذریعے ہوگی، بانڈز کو  اب کوئی کالے دھن کیلئے استعمال نہیں کرسکے گا۔ بانڈز کو ڈیفنس سرٹیفکیٹ اور  نیشنل سیونگ سرٹیفکٹس میں بھی تبدیل کیا جاسکے گا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ کابینہ نے اب تک 885 فیصلے کیے ، 789 پرعملدرآمد ہوگیا ہے ، 49پر عملدرآمد کا  کام جاری ہے، 22فیصلے زیر غورہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کیلئے خوشخبری ہے کہ جس  پاکستان اسٹیل مل کو اپنا لوہا بیچنے کیلئے  بیمار کردیا گیا تھا ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کیلئے اسٹیل مل کو بحال کیاجائے گا اور چلانے کیلئے جلد ہی عالمی ٹینڈر جاری کردیا جائے گا۔ اسٹیل مل چلے گی تو ترقی کا پہیہ بھی چلے گا اور نجی شعبے  کی معاونت سے  وزارت  نجکاری  حکمت عملی طے کرے گی ۔ سابقہ حکومت  1200 ارب روپے کا گردشی قرضہ چھوڑ کرگئی جس کو اس کی نجکاری کی تجویز  کی تیاری کو تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔بیرون ملک پاکستانیوں کو ایئرپورٹس پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک بار پھروزیراعظم نے ہدایات جاری کی ہیں انہوںنے کہاکہ  بعض ہسپتالوں کے حوالے سے جو وفاق پر اعتراض اٹھ رہا ہے اٹارنی جنرل کو اس بارے میں سپریم کورٹ سے رہنمائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل کمیشن پروٹیکشن آف چلڈرن بنے گا جس کے تحت اغواء شدہ اور گمشدہ بچوں کا قومی سطح پر ڈیٹا بیس تیار کیا جائیگا  سرمایہ کاری بورڈ کا چیئرمین
تعینات کیا گیا ہے ۔ سینئر سٹیزن پروگرام  2019 کی منظوری دی گئی ہے۔شمالی کوریا کے ساتھ ویزوں کے حوالے سے منصوبے کی منظوری دی گئی ۔ ایم  ہوائی اڈوں پر اوورسیز پاکستانیوں کیلئے  سہولیات کی  ہدایت کی  گئی ہے اوورسیز پاکستانیوں  کو  بینک اکانٹس کی بائیو میٹرک کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ایک اعلی سطح کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جو اسمگلنگ اور ڈالر کی شکل میں پیسہ باہر جانے سے روکنے کے لیے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی ۔ نوازشریف کو مرغن غذائوں کی بجائے پرہیزی کھانا کھانے کا مشورہ دے دیا گیا ۔ میاں صاحب دل چھوٹا نہیں دل بڑا کریں۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہاکہ دل کا مریض ہڑیسہ ،سری پائے اورگوشت کی اشیاء نہیں کھاتا یہ غذائیں تو دل کے مریض کیلئے انتہائی خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جیلوں میں جانے والے سزا یافتہ قیدیوں کیلئے یہ نشان عبرت بنانے کیلئے ہوتی ہیں۔ اے کلاس دینے کیلئے نہیں ہوتیں اس قانون  پر نظرثانی کی جائے گی اور مجرمان  عام قیدیوں کے ساتھ رہیں گے۔ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے  پروڈکشن آرڈر کے قانون پر نظرثانی کی جائے گی۔