نیشنل بینک آف پاکستان کا کسٹمرز کو برانچ کے بغیر سہولیات کی فراہمی کے لئے پی ٹی سی ایل کمپنی یومائیکروفنانسنگ بینک کے ساتھ معاہدہ

کراچی (خصو صی رپورٹ) نیشنل بینک آف پاکستان نے ملک بھر میں اپنے کسٹمرز کو برانچ کے بغیر سہولیات کی فراہمی کے لئے پی ٹی سی ایل کی کمپنی یومائیکروفنانسنگ بینک کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔اس معاہدے کے تحت نیشنل بینک آف پاکستان اب اپنے اکاؤنٹ ہولڈروں اور کسٹمرز کو بلا برانچ کے ملک بھر میں ان کے ذاتی اور کارپوریٹ مسائل کے حل پیش کرسکے گا۔ اس معاہدے کے تحت نیشنل بینک کے کسٹمرز اور اکاؤنٹ ہولڈرز کو اب پنشن کی وصولی، بلوں کی ادائیگی، تنخواہوں کی وصولی اور بیرون ملک سے آنے والی رقوم کی وصولی کے لئے نیشنل بینک کی برانچ تک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ اس کے لئے وہ قریبی یو فون کے فرنچائز سے بھی استفادہ کرسکیں گے۔ بینک سے قرض حاصل کرنے والے کسٹمرز بھی اس سہولت کو استعمال کرسکیں گے۔ اس وقت یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ کے پورے ملک میں نو ہزار ریٹیل آؤٹ لیٹس ہیں جبکہ نیشنل بینک کی ملک بھر میں تیرہ سو سے زائد برانچیں موجود ہیں۔ یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈکے ساتھ اشتراک کے بعد نیشنل بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرز اور کسٹمرز کو اب تقریبا ساڑھے دس ہزار آؤٹ لیٹس سے لامحدود خدمات فراہم کی جاسکیں گی۔ اس معاہدے کے بعد نیشنل بینک کے اپنے ملازمین بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نیشنل بینک کی کسی بھی برانچ کے علاوہ یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ کے آؤٹ لیٹس سے بھی اپنی تنخواہ وصول کرسکیں گے۔اس معاہدے کی ایک اہم بات بینکنگ سیکٹر میں نئی سہولیات کو متعارف کروانا بھی ہے۔ نیشنل بینک کی جانب سے بلا برانچ بینکنگ کی سہولت کے بعد اب ایک عام آدمی محض اپنے موبائل فون کو استعمال کرتے ہوئے گھر بیٹھے اپنا انکم ٹیکس بھی ادا کرسکے گا۔ نیشنل بینک اس نئے نظام سے اپنی ایک ہزار سے زائد اے ٹی ایم مشینیں بھی منسلک کردے گا۔ ابھی تک ایک عام تاثر یہ رہا ہے کہ اے ٹی ایم مشینیں صرف امیر افراد استعمال کرتے ہیں مگر اب یہ تاثر دور ہورہا ہے کیوں کہ اب عام افراد میں اے ٹی ایم مشین کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ اس کی ایک وجہ سیکوریٹی بھی ہے۔ کیوں کہ اب عام افراد بڑی رقوم کو ایک ساتھ بینک سے نکلواتے ہوئے گھبراتے ہیں۔ یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ اور نیشنل بینک کے مابین اس سلسلے میں معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر نیشنل بینک کے آپریشنز گروپ کے سربراہ خالد محمودنے کہا کہ یو بینک اور نیشنل بینک کے مابین اسٹرٹیجک الائینس سے کسٹمرز کو بے شمار فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ دو بڑے مالیاتی اداروں کے درمیان اشتراک کا مقصد کسٹمرز کو برانچ کے بغیر بینکنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے مگر اس سے پاکستان میں بینکنگ ٹرانزیکشن کا طریقہ کار ہی تبدیل ہوجائے گا۔ نیشنل بینک کے صدر ڈاکٹر آصف بروہی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ پاکستانی مالیاتی دنیا کے دو بڑے اداروں کے مابین پارٹنرشپ سے بینک کے کسٹمرز اب بینکنگ سیکٹر کی سہولیات سے بہتر طور پر مستفید ہو سکیں گے۔ یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف سرہندی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل بینک جیسے بڑے ادارے کے ساتھ اشتراک ان کے ادارے کے لئے اعزاز ہے۔اس موقع پر نیشنل بینک کے آئی ٹی کے شعبہ کے سربراہ محمود صدیقی، یوفون کے صدر عبدالعزیز، یو بینک کے چیئرمین حامد فاروق اور یوفون کے چیف کمرشیل آفیسر سلمان واسع بھی موجود تھے۔#