پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے کاروبار حصص میں مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا

کراچی:اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے کاروبار حصص میں مجموعی طور پر تیزی کا رجحان

کے ایس ای100انڈیکس 600پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 40100پوائنٹس سے بڑھ کر40800پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا

کراچی(ویب ڈیسک )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے کاروبار حصص میں مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 600پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 40100پوائنٹس سے بڑھ کر40800پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ،تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 111ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔کاروبار کے لحاظ سے یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،ٹی آ ر جی پاک لمیٹڈ ،کے الیکٹرک لمیٹڈ ،میپل لیف ،ہم نیٹ ورک ،حیسکول پیٹرول ،ٹی پی ایل کاروپوریشن لمیٹڈ ،پاک ریفائنری،فوجی بن قاسم ،ورلڈ کال ٹیلی کام ،پاک انٹر نیشنل بلک ،پاور سیمنٹ ،فوجی فرٹیلائزر بن قاسم ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ ،لوٹے کیمیکل ،عائشہ اسٹیل مل ،آغا اسٹیل مل ،سونیری بینک لمیٹڈ اور سوئی نادرن گیس سر فہرست رہے۔پاکستان اسٹاک ایکس چینجمیں گذشتہ ہفتے3دن تیزی رہی اس دوران کے ایس ای100انڈیکس 1398.51پوائنٹس بڑھ گیا تاہم 2دن کی مندی سے انڈیکس 778.6پوائنٹس کم ہو گیا۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 619.91پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور کے ایس ای 100انڈیکس 40187.18پوائنٹس سے بڑھ کر 40807.09پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس391.49پوائنٹس کے اضافے سے 16903.30پوائنٹس سے بڑھ کر17294.79پوائنٹس پر جا پہنچاجبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28273.86پوائنٹس سے بڑھ کر 28796.29پوائنٹس ہو گیا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب11ارب 54کروڑ75لاکھ22ہزار86روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 74کھرب7ارب71کروڑ10لاکھ35ہزار701روپے سے بڑھ کر75کھرب19ارب25کروڑ85لاکھ57ہزار787روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 40431.56پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی لہرآنے سے انڈیکس ایک موقع پر 39631.04پوائنٹس کی کم ترین سطح پر دیکھا گیا تھا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ16ارب روپے مالیت کی 38کروڑ91لاکھ93ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم 6ارب روپے مالیت کے 17کروڑ47لاکھ18ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر 1936کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 1000کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،823میں کمی اور113کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔