ای سی سی اجلاس: اہم دفاعی امور کیلئے گرانٹس منظور…پی آئی اے کے 3500 ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی منظوری

ای سی سی اجلاس: اہم دفاعی امور کیلئے گرانٹس منظور

پی آئی اے کے 3500 ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی منظوری

مشیرخزانہ کے زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے

اسلام آباد(ویب ڈیسک )اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے ملکی سیکیورٹی پر مامور فوجی جوانوں، پاک ایران سرحدی باڑ سمیت اہم دفاعی امور کیلیے گرانٹس کی منظوری دے دی۔ جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز( پی آئی اے)کے ساڑھے تین ہزار ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی منظوری دے دی گئی،فیصلے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی،  وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے امور خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں10 نکاتی ایجنڈے پر غور  اور اہم فیصلے کیے گئے۔ای سی سی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اندرونی سیکیورٹی پر مامور پاک فوج کے جوانوں کے لیے اضافی الاونسز کی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے کے لیے گرانٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ای سی سی اعلامیے کے مطابق پاک فوج کے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن نارتھ کے لئے گرانٹ کی منظوری دی گئی۔  سیسنا طیارے کی مرمت کے لئے وزارت دفاع کو گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ای سی سی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے کامیاب جوان پروگرام کے لئے 5 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔اس موقع پر مقامی سطح پر سم کارڈ اور اسمارٹ کارڈ کی تیاری کے لیے وفاقی وزیر حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)، سرمایہ کاری بورڈ اور ٹیلی کام سیکٹر کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ای سی سی نے کینو اور آم کی برآمد کیلیے بھی کمیٹی تشکیل دے دی ہے،اجلاس میں پی آئی اے ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کے لیے بارہ ارب روپے سے زائد رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کو ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ سے چار ارب روپے سالانہ کی بچت ہو گی۔بعد ازاں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزارت صنعت و پیداوار کو مستقل ملازمین کے معاملات فوری حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کی ٹرانزیکشن ا سٹرکچر کیلئے وزیر صنعت و پیداوار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس کے علاوہ نجکاری کمیشن کے افسران کو کسی بھی بینک میں اکاونٹس کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین ، سیکریٹری نجکاری کمیشن بورڈ کی اجازت سے افسران نجکاری کی ٹرانزیکشن کیلئے اکاونٹ کھلوا سکیں گے۔اجلاس میں نجکاری کمیشن کے مالیاتی مشیر کی سرکاری اراضی کی فروخت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔