ایف آئی اے کارروائی ، بینکوں کا خفیہ ڈیٹا چوری کرنے والا ملزم گرفتار

ایف آئی اے کارروائی ، بینکوں کا خفیہ ڈیٹا چوری کرنے والا ملزم گرفتار
ملزم نے بینک ڈیٹا چوری کر کے صارفین کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا ، ایف آئی اے
ملزم بینک ڈیٹا بٹ کوائن کی خریدو فروخت  اور آن لائن شاپنگ کے لیے استعمال کرتا تھا ، ایف آئی اے

کراچی(صباح نیوز)  ایف آئی اے سائبر کرائم یونٹ کراچی نے لاڑکانہ میں کارروائی کرتے ہوئے  ایک شخص کو  گرفتار کیا ہے ۔ گرفتار شخص پر  الزام ہے کہ وہ مختلف بینکوں کا خفیہ ڈیٹا چوری کرنے اور صارفین کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے میں ملوث ہے۔ایف آئی اے کے مطابق کارروائی شہری کی درخواست پر کی گئی ہے۔ گرفتار ملزم کے قبضہ سے لیپ ٹاپ اور موبائل برآمد کیا گیاہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم چوری شدہ بینک ڈیٹا آن لائن شاپنگ کے لیے استعمال کرتا جو بعد میں  آگے فروخت کر دیا جاتا تھا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم بینک ڈیٹا بٹ کوائن کی خریدو فروخت کے لیے  بھی استعمال کرتا تھا۔ ایف آئی اے نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 26 درج کرلیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی کا کہنا ہے کہ ملزم  گینگ کی صورت میں کام کرتا تھا جب کہ گینگ کے دیگر افراد کی  گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
#/S