مقبوضہ کشمیر:بانڈی پورہ میں دو نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا

مقبوضہ کشمیر:بانڈی پورہ میں دو نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا

سرینگر،11نومبر(ساؤتھ ایشین وائر):
 
جموں و کشمیر کے شمالی ضلع بانڈی پورہ میں گذشتہ روز سے جاری سرچ آپریشن میں دو نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق بانڈی پورہ کے لوڈارہ علاقے میں اتوار کے روز سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی مہم شروع کی گئی۔ تلاشی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو کل رات اور ایک کو پیر کی صبح شہید کر دیا گیا۔شہید نوجوانوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔
مقبوضہ وادی کشمیر اور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوںکے لوگوںکو بدستور شدید مشکلات کا سامنا ہے جہاں 5اگست کو بھارتی حکومت کی طرف سے دفعہ 370اور35Aکی منسوخی اور جموںوکشمیر کو دو یونین علاقوں میں تقسیم کئے جانے کے خلاف اتوار کو مسلسل 98ویں روز بھی نظام زندگی مفلوج رہا ۔ 
سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کے تمام دروازے عید میلاد النبی ۖ کے موقع پربھی عقیدت مندوں کیلئے بند رہے۔ مسجد سے ملحقہ جامع مارکیٹ کو بھی بڑی تعداد میںسی آر پی ایف اہلکاروںکو تعینات کر کے بند کردیا گیا  ۔ پری پیڈموبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز5 اگست سے مسلسل معطل ہیں۔ سری نگر میں صحافیوںکی سہولت کیلئے قائم کئے گئے سینٹر میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل ہے ۔
سرینگر میں عید میلادالنبیۖ کے پیش نظر عائد پابندیوں میں مزید سختی کردی گئی۔ شہر کے خانیار سے درگاہ حضرت بل کے تمام راستوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کردی گئی۔
وادی میں میلاد النبیۖ کے موقع پر سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوتا تھا جبکہ یہاں آثار مبارک کی زیارت کرائی جاتی تھی۔