سید علی  گیلانی کاپاکستانی عوام اورسیاسی و عسکری قیادت کا شکریہ

 مشکلات کا شکار کشمیریوں کی حمایت پر  سید علی  گیلانی کاپاکستانی عوام اورسیاسی و عسکری قیادت کا شکریہ
 کشمیرکاز کو عالمی سطح پر بھر پور اور موثر انداز سے پیش کرنے کے وزیر اعظم عمران خان کے کردار  کو سراہا گیا
محض بیانات جاری کرنے کے بجائے محکوم کشمیریوں کا بھر اندازساتھ دیں اور ان کے حق میں کھڑے ہوں۔
 سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مشکلات کا شکار کشمیریوں کی حمایت پر پاکستانی عوام اورسیاسی و عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔  سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیرکاز کو عالمی سطح پر بھر پور اور موثر انداز سے پیش کرنے کے وزیر اعظم عمران خان کے کردار کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے اس عمل کر نہ صرف جاری رکھیں بلکہ اس میں مزید تیزی لائیں تاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کا بھر پور ادارک ہو ۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی ریاستی دہشت گردی اپنی انتہا کو چھو رہی ہے، عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کیلئے یہ اچھا وقت ہے کہ وہ محض بیانات جاری کرنے کے بجائے محکوم کشمیریوں کا بھر اندازساتھ دیں اور ان کے حق میں کھڑے ہوں۔سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت کے شیطانی منصوبوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے اور وہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد عزم وہمت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام اورفوجی محاصرے سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی مزید مستحکم ہوا ہے اور وہ آخری سانس تک اپنے حقوق کیلئے لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ان لوگوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے جنہوں نے تحریک آزادی کو اپنے لہو سے سینچا کیونکہ شہدا کے مقدس خون کے باعث ہی کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔سید علی گیلانی نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ بالآخر فتح و کامرانی ان لوگوں کی ہوتی ہے جو ظالم کے خلاف اپنی جدوجہد ہمت و حوصلے کے جاری رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے کیلئے گزشتہ ڈھائی ماہ سے انہیں محاصرے میں لیا ہوا ہے لیکن کشمیریوں کے ارادے مضبوط اور حوصلے بلند ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی فسطائی بھارتی حکومت تحریک آزادی کو کمزور کرنے کیلئے جموںوکشمیر کو نسلی و مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن تمام کشمیری اجتماعی طور پر بھر پور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کے تمام مذموم منصوبوںکو ناکام بنادیں گے۔سید علی گیلانی نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی سربراہی میں تمام ہندو توا قوتوں نے کشمیریوں کی تہذب اور ان کی شناخت کے خلاف ایک بھر پور جنگ شروع کررکھی ہے، یہ ناگزیز ہے کہ کشمیری ان کے اس حملے کے خلاف چٹان کی طرح ڈٹ جائیں اور اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے لوگ تحریک آزادی کے اس نازک موڑ پر اتحاق و اتفاق کا بھرپور مظاہرہ کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں وہ انتہائی لائق تحسین ہے۔سید علی گیلانی نے کہا کہ ہر کشمیری خواہ وہ مزدور، ٹرانسپوٹر، پروفیسر، تاجر ، استاد، سرکاری ملازم یا پھر سکول جانے والا بچہ ہے تحریک آزادی کا حصہ ہے اور وہ اس مقدس کاز کے لیے بھر پور قربانی دے رہا ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کی کشمیر میں شکست نوشتہ دیوار ہے اور وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔