اقوام متحدہ  کے  سیکریٹری جنرل نے مسئلہ کشمیر پر پھر ثالثی کی پیشکش کر دی

 اقوام متحدہ  کے  سیکریٹری جنرل نے مسئلہ کشمیر پر پھر ثالثی کی پیشکش کر دی
، فریقین قبول کریں تو اقوام متحدہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انٹونیو گوتریس
  ہم اپنی خدمات پیش کرسکتے ہیں اور فریقین قبول کرلیں تو اس پر عمل کیا جاسکتا ہے
 بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کو حل کرنے کے لیے مذاکرات انتہائی اہم ہیں،
نیویارک(کے پی آئی)  اقوام متحدہ  کے  سیکریٹری جنرل نے مسئلہ کشمیر پر پھر ثالثی کی پیشکش کر دی۔ سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ معاملات کے حل کیلئے دو طرفہ بات چیت نا گزیر ہے سیکریٹری جنرل نے جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے آغاز پرپریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہاکہ وہ عشروں پرمحیط تنازعہ کشمیر کے پرامن تصفیئے پرزوردیتے رہیں گے۔انہوں نے بھارت اورپاکستان سے بھی کہاکہ وہ مذاکرات کے ذریعے سنگین بحران کا حل تلاش کریں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاک بھارت مذاکرات انتہائی ضروری ہیں، فریقین قبول کریں تو اقوام متحدہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس نے کہا بھارت وادی میں انسانی حقوق کا احترام کرے، مسلسل لاک ڈان درست اقدام نہیں، ہم صرف اپنی خدمات پیش کر سکتے ہیں، فریقین قبول کرلیں تو اس پر عمل کیا جاسکتا ہے۔انٹونیو گوتریس نے مزید کہا کہ دنیا کو کئی محاذوں پر تشویشناک لمحات کا سامنا ہے، ماحولیاتی ایمرجنسی، عدم مساوات، نفرت اور عدم برداشت کے مسائل درپیش ہیں، امن اور سیکیورٹی کی تشویشناک صورتحال بھی مسائل میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حل تلاش کرنے کے لئے آنے والے اعلی سطح اجلاس میں ان مسائل کا احاطہ کریں گے۔