تمام فلاحی پروگراموں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے:میاں اسلم اقبال

صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے آفس میں اجلاس
عوام کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کا مشن ہے، ترقی وخوشحالی کا سفر جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر تیزی سے طے کیا جا سکتا ہے
آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔حکومت اس شعبہ میں سرمایہ کاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہی ہے
حکومت کے تمام فلاحی پروگراموں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے:میاں اسلم اقبال

لاہور (صباح نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت آج پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے آفس میں اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیرانور،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اورمتعلقہ حکام نے  شرکت کی۔اجلاس کو انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے سرکاری اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کا مشن ہے اوریہ مقصد سرکاری اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سرکاری محکموں کی استعداد کار انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے بڑھائی جارہی ہے۔تعلیم،صحت،امن عامہ اور سوشل سیکٹر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلابی اصلاحات لائی گئی ہیں۔ترقی وخوشحالی کا سفر جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر تیزی سے طے کیا جا سکتا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کا فروغ پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت نے سٹیٹ آف آرٹ آئی ٹی پارک کے قیام کی بھی منصوبہ بندی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔حکومت اس شعبہ میں سرمایہ کاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہی ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام امور کی تیزرفتاری سے انجام دہی کے ساتھ شفافیت کا بھی ذریعہ ہے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سرکاری محکموں میں آئی ٹی کے فروغ کے حوالے سے لائق تحسین کردار ادا کررہا ہے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ حکومت کے تمام فلاحی پروگراموں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔