نیب لاہور کا اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز

نیب لاہور کا اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز
اسحاق ڈار کے مختلف بینک اکائونٹس سے ضبط شدہ 50کروڑ روپے کی رقم صوبائی حکومت کو منتقل کر دی گئی،ترجمان نیب

لاہور(صباح نیوز)نیب لاہور نے اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا۔اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور کی اہم پیش رفت ہوئی ، نیب لاہور نے اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے شواہد حاصل کر لئے۔ نیب ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا جبکہ سابق وزیر خزانہ ملزم اسحاق ڈار کے مختلف بینک اکائونٹس سے ضبط شدہ 50کروڑ روپے کی رقم صوبائی حکومت کو منتقل کر دی گئی۔عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے نیب لاہور حکام نے 50کروڑ کی خطیر رقم بینک الفلاح، حبیب بینک لمیٹڈ، الائیڈ بینک لمیٹڈ کے اکائونٹس سے ضبط کیں جو قومی خزانے میں جمع کروا دی گئی، چند روز قبل نیب لاہور کیجانب سے اسحاق ڈار کا گلبرگ میں واقع 5 کنال رقبہ پر محیط بنگلہ بھی بحق سرکار ضبط کر لیا گیا۔نیب لاہور کیجانب سے حکومت پنجاب کو پابند کیا گیا ہے کہ مذکورہ بنگلہ کو فروخت کر کے حاصل ہونیوالی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے تاہم بنگلہ کی موجودہ مالیت کا تخمینہ 12سے 15کروڑ لگایا جاتا ہے۔ ملزم اسحاق ڈار کیخلاف جاری کیس میں عنقریب چند مزید اہم پیش رفت ہونے کی توقع بھی کی جا رہی ہیں، احتساب عدالت کیجانب سے ملزم اسحاق ڈار کو پہلے ہی مفرور قراد دیا جا چکا ہے۔