پختونخوا حکومت نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایپ متعارف کرا دی

پختونخوا حکومت نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایپ متعارف کرا دی
وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ایمرجنسی الرٹ پی ڈی ایم اے کے نام سے موبائل ایپ تیار کی گئی
موبائل ایپ پر موسمی صورت حال، خبرداری، حادثات  اور امدادی کارروائیوں کی تازہ ترین معلومات دستیاب ہونگی

پشاور (صباح نیوز)خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے بالائی علاقوں میں تباہی مچا دی، صوبائی حکومت نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے موبائل ایپ متعارف کروا دی۔خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں حالیہ موسلا دھار بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے بعد وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ایمرجنسی الرٹ پی ڈی ایم اے کے نام سے موبائل ایپ تیار کی گئی ، موبائل ایپ پر موسمی صورت حال، خبرداری، حادثات اور قدرتی آفات سے متعلق نقشے اور امدادی کاروائیوں کی تازہ ترین معلومات دستیاب ہوں گی۔صوبائی محکمہ ریلیف کے مطابق ایمرجنسی الرٹ سے متعلق ایپ پی ڈی ایم اے کی تیار کردہ ایپ کو پلے سٹور سے با آسانی ڈائون لوڈ کیا جا سکتا ہے، معلومات اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دی گئی ہیں۔ شہریوں نے الرٹ سروس متعارف کروانے کے اقدام کو سراہا۔محکمہ ریلیف کے مطابق قدرتی آفات سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی اس ایپ کو خیبرپختوںخوا سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی ڈان لوڈ کر رہے ہیں۔