بھارتی شکست پر پاکستانیوں کے مزے مزے کے تبصرے

اور ہارو جان بوجھ کر انگلینڈ سے
بھارتی شکست پر پاکستانیوں کے مزے مزے کے تبصرے
سوشل میڈیا پر پاکستانی اور بھارتی صارفین کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ جاری رہا
نیوزی لینڈ کی جیت کی خوشی جتنی پاکستانیوں نے سوشل میڈیا پر منائی اتنی خود نیوزی لینڈ کی عوام نے بھی نہ منائی ہوگی

اسلام آباد(صباح نیوز)نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو سیمی فائنل میں 19رنز سے شکست دے دی جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف انداز میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔اس سلسلے میں جہاں ایک طرف ٹویٹر پر بھارتی صارفین اپنی ٹیم کی شکست پر مایوس ہیں تو وہیں پاکستانی خاصے خوش یا کہہ سکتے ہیں طنز کے موڈ میں نظر آرہے ہیں اور میچ کے دوران لمحہ با لمحہ بھارت کی مشکلات پر تبصرے کرتے رہے۔میچ کے دوران اور اس کے بعد بھی سوشل میڈیا پر پاکستانی اور بھارتی صارفین کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ جاری رہا جبکہ نیوزی لینڈ کے ٹوئٹر صارفین بمشکل ہی کہیں نظر آئے۔یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اس جیت کی خوشی جتنی پاکستانیوں نے سوشل میڈیا پر منائی اتنی غالبا خود نیوزی لینڈ کی عوام نے بھی نہ منائی ہوگی۔کسی نے بھنگڑے ڈالنے کی ویڈیوز شیئر کیں تو خود آئی سی سی نے بھی بھارتیوں کو ٹرول کیا۔ایک صارف نے روالپنڈی میں ولیم سن کا مجسمہ بنانے کی درخواست کر دی ۔   ٹویٹر صارف طارق محمود کو انڈیا کی انگلینڈ کے خلاف شکست یاد آگئی جس میں بقول ان کے انڈیا جان کر ہارا تھا تاکہ سیمی فائنل میں پاکستان کی شمولیت روکی جاسکے۔ انھوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اور ہارو جان بوجھ کر انگلینڈ سے۔انڈیا کی اننگز کے شروع میں ہی وکٹیں گرنے پر کرکٹ پنڈت نامی اکاونٹ نے مذاق اڑاتے ہوئے کہا ‘کوہلی پولین میں بیٹسمین ڈھونڈ رہے ہیں’۔یہ میچ ایم ایس دھونی کے کیرئیر کے لیے اہم رہا۔ میچ کے دوران جیت کے لیے انڈین صارفین سابق کپتان سے کافی امیدیں وابستہ کیے ہوئے تھے۔ اس پر کئی مزاحیہ میمز شیئر کیے گئے۔بابو بھائیا نامی صارف کے مطابق پولین میں دھونی اس لیے بیٹ دکھا رہے تھے تاکہ گیندیں نہ کھا سکیں۔دھونی کے کھیلنے کے انداز پر عبدل احد کہتے ہیں کہ وہ تو جیسے ٹیسٹ میچ کے موڈ میں تھے۔گورو نامی صارف نے روہت شرما کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ قدرے مایوس لگ رہے ہیں۔