پیمرا نے اوپن یونیورسٹی کو  تعلیمی چینل شروع کرنے کی اجازت دے دی

پیمرا نے اوپن یونیورسٹی کو  تعلیمی چینل شروع کرنے کی اجازت دے دی

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) محمد سلیم بیگ نے نان کمرشل سٹیلائٹ ٹیلی ویژن چینل کا لائسنس علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو دے دیا۔ اس حوالے جمعہ کو ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد ضیغم قدیر نے لائسنسنگ کی دستاویزات پر دستخط کیے جبکہ پیمرا کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل وکیل خان نے نمائندگی کی ۔ بعدازاں دستاویزات علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ڈائریکٹر انسٹیٹوٹ برائے ایجوکیشن ٹیکنالوجی شبنم ارشاد کے حوالے کیے گئے۔ ٹی وی چینل نان کمرشل بنیادوں خصوصی طور پر صرف تعلیمی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی  ملک بھر کا پہلا تعلیمی ادارہ بن گیا ہے جس کے اپنے ٹی وی چینلز کا لائسنس جس کا مقصد تعلیم کا فروغ ہے۔ چیئرمین پیمرا نے ٹی وی چینل لانچ کرنے کے اقدامات پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعریف کی کہ اس کے ذریعے عام آدمی تک رسائی ممکن ہوسکے گی اور یہ خصوصی طور پر تعلیم اور عوامی مفاد کے دیگر سماجی معاملات پر کام کرے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے لائسنس دیئے جانے پر پیمرا کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے کہا کہ یہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے اکیڈمک سپورٹ کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے ملٹی میڈیا سپورٹ کے ذریعے 1.4ملین طلبہ فوائد حاصل کریں گے۔ آئی ای ٹی کی ڈائریکٹر نے کہا کہ چینل پیمرا کی قوائد و ضوابط کے مطابق ایک سال کے عرصے کے اندر لائچ کردیا جائے گا۔ سٹیلائٹ بینڈ وٹتھ پاک سیٹ سے حاصل کی جائے گی جبکہ اپ لنک اور سٹوڈیو کے آلات متعلقہ قوانین کے مطابق حاصل کیے جائے گے۔ ٹی وی چینل کی لانچنگ یونیورسٹی کی ان مسلسل کاوشوں کا حصہ ہے جس کے ذریعے فاصلاتی نظام میں معیاری تعلیم کے فروغ میں ملک بھر قائدانہ کردار ادا کیا جارہا ہے۔