پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی  کا مسودہ تاحال زیر غور ہے

پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی
سی پی این ای سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس سلسلے میں بھرپور مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا ،
وزارت اطلاعات نے اشتہاراتی پالیسی مکمل تیار کر لی ہے آج پیرکومعاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو پیش کی جائے گی
نئی اشتہاراتی پالیسی میں کلاسیفائیڈ اشتہارات کی میڈیا اداروں کو براہ راست ادائیگیوں کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے
سرکاری اشتہارات کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے، وفاقی سیکریٹری اطلاعات کا سی پی این ای کی تقریب  سے  خطاب

کراچی ( صباح  نیوز) پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی

 کا مسودہ تاحال زیر غور ہے اور سی پی این ای سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس سلسلے میں بھرپور مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔وزارت اطلاعات نے اشتہاراتی پالیسی مکمل تیار کر لی ہے اور پیر  کومشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو پیش کی جائے گی۔ نئی اشتہاراتی پالیسی میں کلاسیفائیڈ اشتہارات کی میڈیا اداروں کو براہ راست ادائیگیوں کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے اور سرکاری اشتہارات کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی سیکریٹری اطلاعات شفقت جلیل نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے مرکزی سیکریٹریٹ میں سی پی این ای کی ایک تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر اپنے خطاب میں کیا۔ تقریب میں اخبارات کے مدیران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری کے ہمراہ پرنسپل انفارمیشن آفیسر طاہر خوشنود اور ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کراچی سید سکندر علی شاہ نے بھی شرکت کی۔ جناب شفقت جلیل نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے سبب پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور خاص طور پر موبائل فون کے ذریعے اطلاعات کا بہاؤ اور فراہمی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ٹیکنالوجی کو نظرانداز اور کنٹرول کرنا اب ممکن نہیں ہے اور نہ ہی حق آگہی اور معلومات تک رسائی سمیت تمام آئینی حقوق پر قدغن لگانے کا سوچا جا سکتا ہے، لیکن آزادی صحافت کا ذمہ دارانہ استعمال آزادی صحافت کو تقویت دینے میں انتہائی معاون بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الفاظ کی حرمت اور پیشہ ورانہ ادائیگی اخبارات میں نمایاں نظر آتی ہے۔ وفاقی وزارت اطلاعات اخبارات دیگر میڈیا کی نسبت زیادہ مؤثر اور ذمہ دار کردار کے حامل ہیں۔ سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ ان کی وزارت حقیقی اخبارات کی حوصلہ افزائی کی پالیسی پر کاربند ہے اور اس سلسلے میں اب تک 350  ڈمی اخبارات کو میڈیا لسٹ سے خارج کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر طاہر خوشنود نے اشتہارات کی منصفانہ تقسیم اور ادائیگیوں کے ضمن میں سی پی این ای کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اشتہارات کی منصفانہ اور عادلانہ تقسیم میں سی پی این ای کی معاونت اور رہنمائی بھی ہمارے لئے گراں قدر اور کارآمد ثابت ہوگی۔ ۔