وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کام کے ممبر ٹیلی کام سمیت 3 اعلیٰ عہدیدار معطل

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کام کے ممبر ٹیلی کام سمیت 3 اعلیٰ عہدیداروں کو معطل اور جبری رخصت پر بھیج دیا گیا جبکہ ایک آفیسر کا کنٹریکٹ ختم کردیا گیا ہے۔ ممبر ٹیلی کام ڈاکٹر اسماعیل شاہ کو جبری رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔ ان کے خلاف مبینہ بعض معاملات کے حوالہ سے تحقیقات جاری ہیں۔ ان کو شوکاز بھی جاری کیا گیا تھا۔ ڈائریکٹر ٹیلی کام محمد مدثر کا کنٹریکٹ ختم کردیا گیا ہے مبینہ طور پر ان کے خلاف ایک نجی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کا الزام ہے اس حوالہ سے محمد مدثر نے نیب اور کسی بھی تحقیقاتی ادارہ سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزارت ٹیلی کام کی ذیلی کمپنی پاک ڈیٹا کام کے سربراہ کو بھی معطل کردیا گیا ہے ان کی معطلی کا فیصلہ بورڈ کے ارکان کی اکثریت کی طرف سے عدم اعتماد سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔ مزید برآں معلوم ہوا ہے کہ یونیورسل سروسز فنڈ کے معاملات کی بھی اعلیٰ سطح پر تحقیقات جاری ہیں۔