آن لائن بینکنگ فراڈ میں ملوث بین الاضلاعی گروہ…ایف آئی اے سائبر کرائم ٹیم کے لیے بڑا چیلنج

فیصل آباد میں آن لائن بینکنگ فراڈ میں ملوث بین الاضلاعی گروہ میں ملوث ایک ملزم سلانوالی سے حراست میں لے لیا گیا

دیگر 7ساتھیوں کی گرفتاری ایف آئی اے سائبر کرائم ٹیم کے لیے بڑا چیلنج بن گئی

فیصل آباد(ویب ڈیسک )فیصل آباد میں آن لائن بینکنگ فراڈ میں ملوث بین الاضلاعی گروہ میں ملوث ایک ملزم سلانوالی سے حراست میں لے لیا گیاتاہم  اس کے دیگر 7ساتھیوں کی گرفتاری ایف آئی اے سائبر کرائم ٹیم کے لیے بڑا چیلنج بن گئی۔ پکڑے گئے ملزم نے پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد میں ڈاکٹر کے ایچ بی ایل میں اکائونٹ سے آن لائن فراڈ کے ذریعے اس کی معلومات حاصل کر کے 6ماہ قبل ڈیڑھ لاکھ روپے نکلوائے تھے۔ رواں سال فیصل آباد میں شہریوں سے موبائل فونز پر غلط میسج بھیج کر انکی جمع پونجی ہتھیانے کا سلسلہ عروج پر رہا لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائیاں کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے بین الاضلاعی گروہ سادہ لوح شہریوں کیساتھ پڑھے لکھے طبقے کو بھی لوٹنے میں شترمرغ بے مہار ہو چکا ہے۔ شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جعلی سیموں کی فروخت کے نام پر اور بوگس میسجز کے ذریعے معلومات لے کر لوٹنے میں ملوث گروہ کے دیگر ارکان کی جلد ازجلد گرفتاریوں کا مطالبہ کیا ہے فیصل آباد سمندری روڈ رچنا ٹائون فیصل سٹریٹ کے رہائشی ڈاکٹر اسد محمود نے تھانہ سائبر کرائم میں مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ 6 مئی 2020ء کو اس کے موبائل فون پر ایچ بی ایل ہیلپ لائن کی طرف سے اکائونٹ کی ویرفیکشن کے لئے کال آئی اور 4250 کا مسیج آیا اور فراڈ کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کے بعد اس کے اکائونٹ سے ایک لاکھ 50ہزار سات سو اناسی روپے نکلوا لیے گئے جس کے بعد اس کی شکایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم نے ضلع سرگودھا کی تحصیل سلانوالی کے چک 128 این بی سے ملزم محمد عباس کو پکڑ لیا جس نے انکشاف کیا کہ وہ اور ان کے ساتھی پاکستان کے مختلف بنکوں کی ہیلپ لائن سے سادہ لوح لوگوں سے ان کے بنک اکائونٹ کی معلومات لیکر فراڈ کرتے تھے اس گروہ میں اس کے دیگر ساتھیوں میں   محمد جاوید ، محمد صدیق ، محمد اصغر ، صدام شکور ، محمد ضیغم کلیار ، محمد الیاس ، پرویز اور مزمل عباس شامل ہیں۔ تھانہ سائبر کرائم فیصل آباد میں ملوث ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

#/S