کورونا وبا :امیر الدین میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے” سینڈ اپ” آن لائن امتحانات شروع

کورونا وبا :امیر الدین میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے” سینڈ اپ” آن لائن امتحانات شروع

آن لائن امتحانی سسٹم کا افتتاح :امتحانات7جنوری تک جاری رہیں گے

جدید ٹیکنالوجی کا استعمال حیرت انگیز طور پر بڑھ گیا ہے :پروفیسر الفرید ظفر، پروفیسر محمد معین

طالب علم کی تصویر کنٹرول روم میں بیٹھے مانیٹرنگ سٹاف کو سکرین پر واضح نظر آئے گی،نقل کا امکان باقی نہیں رہے گا : پرنسپل پی جی ایم آئی

لاہور (ویب ڈیسک )  ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر امیر الدین میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس سال چہارم اور فائنل ائیر کے” سینڈ اپ” آن لائن امتحانات9دسمبرسے شروع ہو گئے ہیںجو 7جنوری 2021تک جاری رہیں گے ۔آن لائن امتحانات کا انعقاد کورونا وبا پر قابو پانے ،طلبا و طالبات اوراساتذہ حضرات کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے اور حکومت کے ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے امیر الدین میڈیکل کالج میں آغاز ہو گیا ، اس امر کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں قائم آن لائن امتحانی سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر محمد معین ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق و دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھاکہ آن لائن امتحانات کے سسٹم کو فول پروف بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لائی گئی ہے تاکہ سٹوڈنٹس کسی دوسرے فرد کی مدد اور نقل کیے بغیر شفاف انداز میں امتحانی پرچہ حل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ہر طالب علم کی تصویرامتحانی کنٹرول روم میں بیٹھے مانیٹرنگ سٹاف کو سکرین پر واضح نظر آئے گی جس سے سٹوڈنٹس کو کسی دوسرے شخص سے مدد ملنے کا امکان باقی نہیں رہے گا ۔ پروفیسر الفرید ظفر اور پروفیسر محمد معین نے کہا کہ کورونا وائرس نے دنیا بھر کے لوگوں کا لائف سٹائل تبدیل کر دیا ہے ،پاکستان میں بھی اس وبا کی وجہ سے ماڈرن ٹیکنالوجی اور جدید رحجانات زندگی کا معمول بن چکے ہیں اور کاروباری سرگرمیوں سے لے کر تعلیمی اداروں تک ہر جگہ انٹرنیٹ و انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال حیرت انگیز طور پر بڑھ گیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس انتہائی خطرناک اور بعض صورتو ں میں جان لیوابیماری ہے تاہم اس وباکا مثبت پہلو یہ ہے کہ انسانی زندگی میں ترقی کا عمل تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے جبکہ دنیا بھر کے ماہرین انسانی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کر رہے ہیں ۔پرنسپل پی جی ایم آئی کا مزید کہنا تھا کہ کاربار اور تعلیمی سرگرمیاں گھر بیٹھ کر آن لائن سسٹم کے ذریعے جاری ہیں اور یہ سسٹم آنے والے دنوں میں مزید شفافیت کے ساتھ آگے بڑھے گا جس سے انسانی زندگی کا نیا رخ دیکھنے کو ملے گا ۔ سربراہ لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور امیر الدین میڈیکل کالج وقت کے دھارے کے ساتھ ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور دونوں ادارے اپنی تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل آن لائن سسٹم کے ذریعے جاری رکھیں گے تاکہ طلبا و طالبات کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو اور امتحانات کا انعقاد بر وقت ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ گھر بیٹھے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں تاکہ انہوں نے جس مقصد کیلئے انہیں میڈیکل کے شعبے میں داخلہ لے کر دیا تھا وہ اس خواب کو پورا کر سکیں ۔