کشمیر بینک شاندار کارکردگی …پہلی بار سال 2020کی پہلی ششماہی میں ریکارڈ منافع،

بورڈ آف ڈائریکٹر ز کی منظوری کے بعد کشمیر بینک نے شاندار کارکردگی کے اعداد وشمار جاری کر دیئے،
بینک کی 14سالہ تاریخ میں پہلی بار سال 2020کی پہلی ششماہی میں ریکارڈ منافع،
ڈیپازٹس اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں بھی قابل قدر اضافہ
2020کی پہلی ششماہی میں بینک نے 168.12ملین روپے منافع کمایا، منافع میں اضافہ کی شرح 1263فی صد ریکارڈ کی گئی
مظفر آباد(ویب ڈیسک  )چیف سیکریٹری آزاد حکومت اور چیئر مین بینک آف آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیرصدارت گزشتہ روزیہاں بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 49واں اجلاس منعقد ہوا۔ صدر بینک جناب خاور سعید نے بورڈ کوششماہی کارکردگی کے اہم نکات سے آگاہ کیا۔ بورڈنے ششماہی ریکارڈز وحسابات(30 جون2020تک) کا جائزہ لینے کے بعد ان کی منطور ی دے دی۔ بورڈ نے بینک کی کامیابی اور ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور امید ظاہر کی کہ بینک 2020کے اہداف عبور کرے گا۔چیئر مین نے معزز صارفین کی بہترین خدمات میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔سی ایف او جناب شاہد شہزاد میر نے فنانشل بزنس پر بریفنگ دی۔بورڈ نے بینک کی 14سالہ تاریخ میں پہلی بار سال 2020کی پہلی ششماہی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ منافع کمانے، ڈیپازٹس اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں بھی قابل قدر اضافہ کو قابل تعریف قرار دیا۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال2019 کی پہلی ششماہی کے دوران بینک نے12.34 ملین منافع کمایا تھاجب کہ سال 2020کی پہلی ششماہی میں بینک نے 168.12ملین روپے منافع کمایا جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ یوں 2020کی پہلی ششماہی میں منافع میں اضافہ کی شرح 1263فی صد ریکارڈ کی گئی ہے۔منافع کے علاوہ بینک نے دیگر شعبہ جات میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سال 2020کی پہلی ششماہی کے دوران بینک کے ڈیپازٹس میں 22فی صد جب کہ بینک کے ہوم ریمٹنس یا بیرونی ترسیلات زر میں 173فی صد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح سال 2020کی پہلی ششماہی کے دوران بینک کے حصص کی قدر میں 515فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا جو کہ چیئر مین بینک کی سرپرستی اور بینک کے صدر کی زیر قیادت بینک انتظامیہ کی محنت اور بینک پر عوام کے بھرپور اعتماد کا غماز ہے۔اس موقع پر صدر بینک نے بورڈ ممبران کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹرز ایس ایم بی آر جناب فیاض علی عباسی،سیکریٹری فنانس جناب عصمت اللہ شاہ، سیکریٹری جنگلات و اکلاس سید ظہورالحسن گیلانی، سیکریٹری انڈسٹریز جناب محمد احسن، سینئر بینکار راجہ ممتازعلی،چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ جناب اعجاز حسین راٹھور، بزنس مین جناب نوید صادق اور سیکریٹری بورڈ جناب معاذ اللہ خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں امید ظاہر کی گئی کہ چیئر مین بینک کی سرپرستی میں بینک دن دوگنی، رات چوگنی ترقی کی منازل طے کرے گا۔