پی ٹی سی ایل، یوفون…ٹیکنالوجی اور جدت کی دوڑ میں پی ٹی سی ایل بہت پیچھے ہے، سید امین الحق

پی ٹی سی ایل، یوفون کی کارکردگی پروفاقی وزیر کا اظہار برہمی

سروس کے حوالے سے عوامی شکایات عام ہیں، ٹیکنالوجی اور جدت کی دوڑ میں پی ٹی سی ایل بہت پیچھے ہے، سید امین الحق

مقابلے کی فضا میں دوسری کمپنیاں سبقت لے جارہی ہیں جبکہ پی ٹی سی ایل خاموش تماشائی بنا ہوا ہے

اگر اسی طرح ادارہ چلتا رہا تو بہت جلد عوام کا اعتماد کھو دیں گے اور وجود برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا،وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی گفتگو

اسلام آباد(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے پی ٹی سی ایل اور یوفون کی کارکردگی پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگر اسی طرح ادارہ چلتا رہا تو بہت جلد عوام کا اعتماد کھو دیں گے اور وجود برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا،سروس کے حوالے سے عوامی شکایات عام ہیں، ٹیکنالوجی اور جدت کی دوڑ میں  پی ٹی سی ایل بہت پیچھے ہے، مقابلے کی فضا میں دوسری کمپنیاں سبقت لے جارہی ہیں جبکہ پی ٹی سی ایل خاموش تماشائی بنا ہوا، ٹیکنالوجی کے اس تیز رفتار دور میں اپنا وجود برقرار ررکھنے کیلئے جدید تقاضوں سے خود کو ہم آہنگ کرتے رہنا نہایت ضروری ہے ورنہ آپ مقابلے سے ہی آئوٹ ہوجائیں گے ساتھ ہی عوامی خدمات کے اداروں کواپنے صارفین کے اعتمادکو بحال رکھنے کے چیلنجز کا بھی سامنا ہوتا ہے جس پر پورا اترنا ضروری ہے اور اس میں غلطی کی گنجائش نہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پی ٹی سی ایل ہیڈ کورٹرز کے دورے کے موقع پر حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کے ہمراہ سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی بھی تھے، اس موقع پر پی ٹی سی ایل کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر راشد خان نے وفاقی وزیر کو پی ٹی سی ایل اور یو فون کی کارکردگی کے ساتھ جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر سید امین الحق نے یو فون اور پی ٹی سی ایل کی کارکردگی پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ادارے نے جیسا ہے جہاں کی بنیاد پر سمجھوتہ کرلیا ہے، عوامی شکایات کا انبار ہے ، لینڈ لائن فون، یوفون نیٹ ورکس ، براڈ بینڈ سروس اور پی ٹی سی ایل اسمارٹ ٹی وی سے لوگوں کا اعتبار ختم ہوتا جارہا ہے اگر یہی صورتحال رہی تو ڈیجیٹل دنیا میں پی ٹی سی ایل اور یوفون کو اپنا وجود برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد کراچی میں یوفون نیٹ ورکنگ میں تعطل کی شکایات عام رہیں  جبکہ ہر قسم کی  ناگہانی اور ایمرجنسی  صورتحال سے نمٹنے کی منصوبہ بندی قبل از وقت ہونی چاہیئے تھی امید ہے ادارہ اس سے سبق سیکھتے ہوئے مستقبل کیلئے بہتر اور قابل عمل حکمت عملی اپنائے گا ، سید امین الحق نے کہا کہ ڈیجیٹل ورلڈ میں ہر دن ایک نیا چیلنج ہوتا ہے لیکن بہترین منصوبہ بندی ہی آپ کو اس دوڑ میں شریک رکھتی ہے بصورت دیگر آپ مقابلے سے باہر ہوجائیں گے،  لیکن ہویہ رہا ہے کہ دوسری کمپنیاں سبقت لے جارہی ہیں اور پی ٹی سی ایل/ یوفون خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سید امین الحق نے واضح کیا کہ اگر سرکاری سطح پر کوئی مسائل ہیں تو ان کی وزارت ہر طرح سے معاونت اور رہنمائی کیلئے موجود ہے لیکن ادارے کو اپنے منصوبوں اور عوامی شکایات کے معاملات کو ازخود بہتر بنانا ہوگا۔