حکومت کا اوورسیز پاکستانیوں کو ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک )

حکومت نے بیرون ملک مقیم (اوورسیز)پاکستانیوں کو ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز  زلفی بخاری نے “روشن ڈیجیٹل اکاونٹس” منصوبہ کو حتمی شکل دے دی۔ اسٹیٹ بینک سمیت تمام کمرشل بینکوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کر لی گئی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکاونٹ کھلوا سکیں گے جس کیلئے بنیادی معلومات اور دستاویز آن لائین فراہم کرنا ہوں گی۔ اوورسیز ہم وطنوں کو پاکستانی بینکنگ کا جدید ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم فراہم کیا جائے گا، فنڈز ٹرانسفر، بل پیمنٹ اور ای کامرس سمیت تمام بنیادی بینکنگ سروسز بھی دستیاب ہوں گی۔منصوبے کے تحت اوورسیز پاکستانی اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے کے اہل ہوں گے، بینکوں کی جانب سے فکس ڈیپازٹ پراڈکٹس کی آفرز سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔ رہائشی یا کمرشل پراپرٹی کی خریداری کیلئے براہ راست ٹرانزیکشن کی سہولت مل سکے گی۔اووسیز پاکستانی اپنی مرضی سے مقامی یا فارن کرنسی میں اکاونٹ کھلوا سکیں گے اور جس وقت چاہیں اپنا سرمایہ بغیر پیشگی اجازت نکال سکتے ہیں۔معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری کا اپنے بیا ن میں کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کو سرمایہ کاری کا شاندار موقع فراہم کر رہے ہیں، ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت اوورسز پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق منصوبہ ڈیزائن کیا گیا ہے، اوورسیز کمیونٹی کو ملکی ترقی میں اہم اسٹیک ہولڈرز بنانا چاہتے ہیں۔

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.