قائداعظم یونیورسٹی دنیا کی بہترین 500 جامعات میں شامل

قائداعظم یونیورسٹی دنیا کی بہترین 500 جامعات میں شامل

قائد اعظم یونیورسٹی 454 ویں نمبر پہ ہے جبکہ گزشتہ برس521ویں نمبر پر تھی

جامعات کی عالمی درجہ بندی میں قائد اعظم یونیورسٹی نے 57 درجے ترقی کی

اسلام آباد(صباح نیوز)کیو ایس جامعات کی عالمی درجہ بندی برائے سال 2021 کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی دنیا کی بہترین پہلی 500 جامعات میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے. کیو ایس درجہ بندی 10 جون 2020 کو منظر عام پر آئی، جس کے تحت قائد اعظم یونیورسٹی 454 ویں نمبر پہ ہے جبکہ گزشتہ برس درجہ بندی کے لحاظ سے 521 ویں نمبر پر تھی. جامعات کی عالمی درجہ بندی میں قائد اعظم یونیورسٹی نے 57 درجے ترقی کی ہے. قائد اعظم یونیورسٹی دنیا کی بہترین 500 جامعات میں جگہ بنانے والی پاکستانی واحد جامعہ ہے. 2016 تا 2020، مسلسل چار برسوں میں قائداعظم یونیورسٹی 197 درجے اوپر آئی ہے.حال ہی میں جامعات کی عالمی درجہ بندی کرنے والے ادارے ٹائمز ہائیر ایجوکیشن یونیورسٹی رینکنگز کی ایشیا کی جامعات کی درجہ بندی 2020 کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی ایشیا کی صف اول کی سو جامعات میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی تھی۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی کا نمبر 75واں ہے۔کیو ایس نے جامعات کو ادارے کے تعلیمی معیار، طلبہ و اساتذہ کا تناسب، تحقیقی اشاعت، اور بین الاقوامی طلبہ اساتذہ کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعات کی درجہ بندی کی. قائداعظم یونیورسٹی کے دیگر خصائص میں سے ایک، اس کا تحقیقی معیار اور اشاعت کی تعداد ہے جو جامعہ کے امتیازی حیثیت کا موجب ہے.  پروفیسرڈاکٹر محمد علی وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی نے جامعہ کے امتیازی حیثیت حاصل کرنے اور اہم کامیابی پر اساتذہ، طلبہ اور عملے کو تہنیت پیش کی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی نے ہمیشہ اپنے تعلیمی تحقیقی معیار کی بدولت علاقائی و بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ حالیہ درجہ بندی اساتذہ اور طلبہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔

#/S