جی سی یونیورسٹی کا آن لائن تدریس پر ویبینار کا انعقاد

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا آن لائن تدریس پر ویبینار کا انعقاد۔یونیورسٹی پیر یکم جون سے آن لائن کلاسز کا باقاعدہ آغاز کر رہی ہے ۔جی سی یو انتظامیہ اسائنمنٹ بیس اور آن لائن اوپن بک اوپن انٹرنیٹ امتحانات کے حوالے بھی پالیسی جاری کر چکی ہے ۔ ویبینار میں یونیورسٹی کے طلباء نے وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی سے آن لائن تدریس کے مختلف پہلوؤں پر سوالات کئیے۔ سیمینار کو یونیورسٹی کے سوشل میڈیا چینلز پر بھی نشر کیا گیا ، جہاں وائس چانسلر نے تبصروں میں بھی سوالات کے جوابات دیئے۔ وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ جی سی یو نے اپنا ایل ایم ایس (LMS) سسٹم قائم کیا ہے جہاں لیکچرز، اسائنمنٹ، گریڈز اور طلبہ کی حاضری اپ لوڈ کی جائے گی۔ پروفیسر زیدی نے بتایا کہ اس وقت دس ہزار سے زائد طلباء اور اساتذہ جی سی یو ایل ایم ایس میں رجسٹرکیئے جا چکے ہیں۔ نئے کورسز، کلاسز شیڈول اور دیگر تعلیمی مواد کو بھی اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے۔ اگر طلباء کو ایل ایم ایس سے متعلق کسی بھی مسئلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ اپنے متعلقہ اساتذہ سے رابطہ کریں جو آئی ٹی کوآرڈینیٹرز سے رابطے میں ہیں۔ وائس چانسلر نے امید ظاہر کی کہ جی سی یو پنجاب کی سرکاری شعبہ کی جامعات میں ایک کامیاب آن لائن تدریسی پروگرام کی فراہمی کرنے والی پہلی یونیورسٹی ہوگی۔ وائس چانسلر نے طلبہ کو آن لائن کلاسز میں حاضری کے حوالے سے پالیسی بارے بھی آگاہ کیا ۔ پروفیسر زیدی نے کہا کہ جن طلبا کو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں وہ اساتذہ سے روایتی طریقوں (پوسٹل سروسز) کے ذریعے رابطے میں رہ سکتے ہیں۔

#/S