ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے آن لائن فراڈ کی روک تھام کے لیے وفاق المدارس سے تعاون مانگ لیا

اسلام آباد(صباح نیوز)

ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے آن لائن فراڈ کی روک تھام کے لیے وفاق المدارس اور مساجد کے ائمہ وخطبا سے تعاون مانگ لیا،جنرل سیکرٹری وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری کے نام مراسلہ ارسال کرکے ملک بھر کی مساجد کے ائمہ و خطبا سے عوام الناس میں شعور وآگہی پیدا کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی اور کہا ہے جرائم پیشہ افراد مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے بینکنگ اور آن لائن فراڈ کے مرتکب ہو رہے ہیں عوام الناس خبردار رہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے آن لائن فراڈ اور مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے لوگوں کی رقم ہتھیانے اور آن لائن فراڈ اور دھوکہ دہی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے وفاق المدارس اور ملک بھر کی مساجد کے ائمہ و خطبا سے مدد مانگ لی-جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری کے نام ایک مراسلے میں آن لائن فراڈ کرنے والے افراد کے طریقہ واردات کی بابت تفصیل سے آگاہ کیا گیا اور مولانا جالندھری سے درخواست کی گئی کہ وہ ملک بھر کی مساجد کے آئمہ و خطبا ء کے ذریعے عوام الناس میں شعور اجاگر کریں تاکہ وہ ایسے عناصر کی لوٹ مار سے محفوظ رہ سکیں-مولانا جالندھری نے دھوکہ دہی اور آن لائن چوری کی شکایات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر کی مساجد کے آئمہ و خطبا سے اپیل کی کہ وہ منبر و محراب سے اس حوالے سے آواز بلند کریں-انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کی روشنی میں لوگوں کو چوری،دھوکہ دہی اور ایذا رسانی کے بارے میں وعیدوں سے آگاہ کیا جائے اور لوگوں کو محتاط اور خبردار رہنے کی تاکید کی جائے تاکہ سب مل کر اس برائی کا خاتمہ کر سکیں اور لوگوں کو نقصان سے محفوظ رکھ سکیں۔