ایل او سی پربھارتی فوج کی بلا اشتعال گولہ باری، 4 شہری زخمی، پاک فوج کا بھرپور جواب

راولپنڈی  (صباح نیوز)

بھارتی فوج  نے سیز فائرمعاہدے کی متعدد بار خلاف ورزی کرتے ہوئے شاردہ ،شاہ کوٹ اوردوھنیال سیکٹر پر   بلااشتعال گولہ بازی کی جس کے نتیجے میں 4شہری زخمی ہو گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر)   کے ڈائریکٹر جنرل  میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق بھارتی فوج کی گذشتہ 24 گھنٹوں میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں 4 شہری زخمی ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے ایل او سی کے ساتھ واقع شاردہ، شاہ کوٹ اورددنیال سیکٹر پر بلااشتعال گولہ باری کی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی و گولہ باری کے نتیجے میں چھری بسن والی گائوں کی رہائشی ایک بچی سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی افواج نے جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھارت کی بلا اشتعال گولہ باری پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے اور موثر انداز میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید   کہا کہ 2020 میں بھارتی فوج نے اب تک سیز فائر کی 708خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا ہے۔میجر جنرل بابر افتخار نے یہ بھی بتایا  کہ 2020 میں بھارتی فوج کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور 42 زخمی ہوئے ہیں۔