ایزی پیسہ کی 1.5 ارب روپے کی تقسیم کے لئے محکمہ زکواۃ و عشر حکومت پنجاب کے ساتھ شراکت داری

اسلام آباد (پریس ریلیز)

پاکستان کی معروف ڈیجیٹل مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی سروس ایزی پیسہ نے COVID-19 وباء کے باعث لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد کو فنڈز کی ڈیجیٹل طریقے سے تقسیم کے لئے محکمہ زکواۃ و عشر، پنجاب کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد 1.5 ارب روپے کے زکواۃ فنڈز کو 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد ضرورت مند مستحقین میں آسان اور محفوظ طریقے سے تقسیم کرنا ہے۔

ایزی پیسہ ضرورت کی اس گھڑی میں بحالی کی کوششوں کیلئے اپنا پلیٹ فارم مہیاء کرنے والی پہلی برانچ لیس بینکنگ سروس ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث افراد اور فیملیز بالخصوص کم آمدن والے طبقے اور دیہاڑی داروں کی زندگی مشکل ہو گئی ہے۔ معاشرتی فاصلے کو یقینی بنانے کے لئے فنڈز کی تقسیم 10 دنوں میں کی جائے گی۔ پنجاب کے 36 اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد 70 ہزار سے زائد ایزی پیسہ ریٹیلرز سے فنڈز وصول کر سکیں گے۔
ایزی پیسہ / ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کے صدر و سی ای او محمد مدثر عاقل نے اس پیشرفت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ایزی پیسہ کے ذریعے مالیاتی شعبہ کو جدید ترین ٹیکنالوجیکل حل فراہم کرتے ہوئے فن ٹیک کے طور پر کام کرنے والے پہلے بینک کا اعزاز حاصل ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں حکومت پاکستان کو اپنا تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔ ایزی پیسہ حکومت کی جانب سے عوام کوکی جانے والی اداعیگیوں کے لئے انتہائی موزوں پلیٹ فارم ہے اور ہم اس طرح کی منتقلیوں میں مزید سہولت فراہم کرنے کے لئے دیگر محکموں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔

پنجاب کے وزیر برائے زکواۃ و عشر شوکت علی لالیکا نے کہا کہ حکومت عوام کی مدد کے لئے بہترین اقدامات اٹھاتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیراعظم کے احساس پروگرام اور دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ زکواۃ فنڈز کی قبل از وقت تقسیم کا مقصد لوگوں کو اپنی روزمرہ زندگی کو آسانی کے ساتھ جاری رکھنے کے لئے ہر طرح کی سہولیات مہیاء کرنا ہے۔ ہمیں ایزی پیسہ کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے جو ملک میں رقوم کی منتقلی کی ایک قابل اعتماد ڈیجیٹل بینکنگ سروس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ان کا وسیع نیٹ ورک اور ٹیکنالوجی ہمیں یہ فنڈز آسانی اور محفوظ طریقے سے تقسیم کرنے میں سہولت فراہم کریں گے۔

ایزی پیسہ بالخصوص اس مشکل گھڑی میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی حل کے ذریعے لوگوں کو بااختیار بنانے اور ڈیجیٹل پاکستان کو فعال بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ اس COVID-19 وبائی مرض کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیاں اور پیپر لیس ٹرانزیکشنز تمام پاکستانیوں میں محفوظ ماحول کے فروغ میں بلا شبہ اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔