مشتبہ کرنسی نوٹ قرنطینہ میں رکھے جائیں گے۔اسٹیٹ بینک

کراچی:مشتبہ کرنسی نوٹ قرنطینہ میں رکھے جائیں گے۔اسٹیٹ بینک
لاک ڈاؤن ،صارفین کی سہولت کیلئے ملک بھر میں بینکوں کی تمام شاخیں کھولی جائیں گی
تمام بینک برانچز صبح 10 بجے کام کا آغاز کریں ۔شام ساڑھے 4 بجے بینک بند کردیں۔ہدایت

کراچی(صباح نیوز)صارفین کی سہولت کیلئے لاک ڈاؤن کے باوجود ملک بھر میں بینکوں کی تمام شاخیں کھولی جائیں گی جب کہ مشتبہ کرنسی نوٹ قرنطینہ میں رکھے جائیں گے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے تمام بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بینکوں کے کام کرنے کے اوقات کارمیں تبدیلی کی گئی ہے لہٰذا تمام بینک برانچز صبح 10 بجے کام کا آغاز کریں اور شام ساڑھے 4 بجے بینک بند کردیں۔اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ تمام بینکوں میں صرف ضروری اسٹاف کے ساتھ کام کریں، بینک میں کورونا وائرس کی نشاندہی پر اس برانج کو فوری طور پر بند کردیں اوراسٹیٹ بینک کو مطلع کریں۔مرکزی بینک نے ہدایت کی ہے کہ اے ٹی ایم کے ذریعے صارفین کو کیش سہولت میں کوئی رکاوٹ نہ آئے، صارفین کو آن لائن سہولت میں کوئی تعطل نہ ہو، تمام بینک ملازمین شناختی کارڈ اور بینک کا کارڈ ساتھ رکھیں جبکہ بینکوں کوکیش پہنچانے والی گاڑیاں بھی شناختی کارڈ اورکمپنی کارڈ ساتھ رکھیں۔علاوہ ازیں اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں تمام بینک صارفین کو صاف ستھرے اور جراثیم سے پاک نوٹ فراہم کریں گے۔مرکزی بینک نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اسپتالوں، کلینکس سے آنے والے کرنسی نوٹوں کو اکھٹا کرکے قرنطینہ میں رکھا جائے گا، انہیں صاف کیا جائے گا تاکہ وائرس زدہ نوٹ مارکیٹ میں دوبارہ نہ جائیں۔