کشمیر کی حمایت ،پاکستانی ٹوئٹر صارفین کو ٹوئٹر پر مشکلات کا سامنا ہے ..میجر جنرل آصف غفور

 کشمیر کی حمایت ،پاکستانی ٹوئٹر صارفین کو ٹوئٹر پر مشکلات کا سامنا ہے
کبھی ایک بہانے سے یا دوسرے بہانے سے ان کے اکانٹس معطل کیے جا رہے ہیں۔ 
 ملوث افراد کو شکست دینے کے لیے ذمہ دار صارفین کی حیثیت سے ثابت قدم رہیں آصف غفور 
اسلام آباد(کے پی آئی)پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہپاکستانی صارفین کو ٹوئٹر پر مشکلات کا سامنا ہے جس میں ایک بڑی وجہ کشمیر کی حمایت میں اظہار خیال ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے یہ بات منگل کی شب اپنے ذاتی ٹوئٹر اکانٹ سے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہی۔انھوں نے لکھا کہ پاکستانی صارفین کو ٹوئٹر پر کشمیر کی حمایت میں اظہار خیال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کبھی ایک بہانے سے یا دوسرے بہانے سے ان کے اکانٹس معطل  کیے  جا رہے  ہیں۔ حکام اس سلسلے میں رابطے میں ہیں اور جلد یہ مسائل حل ہو جائیں گے۔ اس میں ملوث افراد کو شکست دینے کے لیے ذمہ دار صارفین کی حیثیت سے ثابت قدم رہیں۔میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے ٹویٹ کے فورا بعد پاکستانی ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بڑے پیمانے پر ردعمل سامنے آیا۔آرش بنگش نامی ایک ٹوئٹر صارف نے میجر جنرل آصف غفور کی ٹویٹ کے جواب میں ٹوئٹر کے جانب سے معطل کیے جانے والے دو اکانٹس کی تصاویر لگا کر لکھا کہ سر میرے دو اکانٹس معطل ہو گئے۔ اور ٹوئٹر ویریفکیشن کوڈ بھی نہیں بھیج رہا ہے۔جبکہ ثنا احمر نامی ٹوئٹر صارف نے تجویز دیتے ہوئے لکھا کہ اس حوالے سے قانون بنایا جائے جس کے تحت ٹوئٹر کو پابند کیا جائے کہ بنا تنبیہ کیے اور بات سنے وہ کسی پاکستانی صارف کے اکانٹ کو معطل نہیں کر سکتے اور ایک معاہدہ کیا جائے کہ اگر ٹوئٹر بنا اطلاع دیے کوئی اکانٹ معطل کرے تو جرمانہ عائد کیا جائے۔ٹوئٹر کی جانب سے پاکستان میں حالیہ دنوں میں ایسے کئی اکانٹس کو معطل کیا گیا ہے جن کو مبینہ طور پر ٹوئٹر پر مختلف ہیش ٹیگ شروع کرنے یا مہم چلانے سے جوڑا جاتا رہا ہے۔