وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن  کا پروگرام   “بیٹی”   پر کام شروع

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن  کا پروگرام   “بیٹی”   پر کام شروع

اسلام آباد(صباح نیوز) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے ایک پروگرام جس کا عنوان “بیٹی” ہے پر کام شروع کر دیا ہے۔ پروگرام کا مقصد خواتین کو انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز  (آئی سی ٹی)کے ذریعے با اختیار بنانا ہے ۔ اس حوالے سے جمعرات کو وزارت آئی ٹی کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کو پروگرام “بیٹی” پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کو آگاہ کیا گیا کہ اس پروگرام کے تحت ایک  موبائل “ایپ” بنائی جائے گی جو ایک پورٹل کی طرح کام کرے گی اور یہ “ایپ”  خواتین کو عورتوں کے حقوق کے بارے میں رہنمائی فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ یہ “ایپ” قوانین ، خواتین کے تعلیمی اداروں،  سکالرشپ،  ٹریننگ اور نوکری کے مواقع، صحت کی سہولیات وغیرہ کے حوالے سے معلومات بھی فراہم کرے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ ایپ خواتین کو اپنی لوکیشن کے نزدیک ترین ہسپتال،  وومن پولیس سٹیشن،  تعلیمی ادارہ،  ہاسٹل وغیرہ کے جاننے کے بارے میں بھی مدگار ہو گی۔اجلا س میں بتایا گیا کہ یہ ایپ خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ملک میں تمام جاری سرکاری و نیم سرکاری پرگراموں کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم کیطور پر  کام بھی کرے گی۔وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے پروگرام “بیٹی” کو سراہا اور اس کے تحت ایپ کو جلد از جلد بنانے کی ہدایت جاری کی ۔اجلاس میں وزارت آئی ٹی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔