سرینگر میں گرینیڈ حملہ، ایک ہلاک، متعدد زخمی

سرینگر میں گرینیڈ حملہ، ایک ہلاک، متعدد زخمی
سری نگر،4 نومبر (ساؤتھ ایشین وائر):
مقبوضہ جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے امراو کدل میں گرینیڈ دھماکہ ہوا ہے۔ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور کم از کم 24 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (وسطی کشمیر) وی کے بردی نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متعدد زخمیوں کو مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ساؤتھ ایشین وائرکے مطابق نامعلوم افراد نے امراؤکدل کے گونی کھن علاقے میں گرینیڈ حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی مہم شروع کی۔ایک نیوز ویب سائٹ القمرآن لائن نے بتایا ہے کہ کہ رنکو نامی ہلاک شدہ شخص غیر مقامی باشندہ تھا جو اس جگہ پر تالوں کی چابیاں بناتا تھا۔ رنکو کا تعلق ریاست اترپردیش کے شہر سہارنپور سے تھا۔اطلاعات کے مطابق ایس ایس بی (سرحدی پولیس دستے) کا ایک جوان بھی زخمی ہوا ہے تاہم اس کی شناخت ابھی نہیں ہوئی ہے۔