مقبوضہ کشمیر کی تقسیم کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

سرینگر،31اکتوبر (ساؤتھ ایشین وائر):
جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت نے دفعہ 370 کے تحت جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے تقریبا تین ماہ بعد ریاست کو سرکاری طور پر دو مرکزی علاقے ‘جموں و کشمیر’ اور ‘لداخ’ میں تقسیم کردیا ۔اس اقدام کے خلاف جمعرات کے روز مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔وادی کے باشندوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ حکومت ان کو اپنی خاص حیثیت اور شناخت سے محروم کررہی ہے۔
نیشنل کانفرنس نے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیا جبکہ بی جے پی نے اس کا خیرمقدم کیا ، اور کہا کہ اس سے جموں و کشمیر اور لداخ میں امن و ترقی کا آغاز ہوگا۔
عہدے داروں کا کہنا ہے کہ مکمل ہڑتال کی وجہ سے وادی کشمیر میں عام زندگی متاثر رہی۔دکانیں بند رہیں اور عوام کی آمدورفت بالکل نہیں تھی۔ انہوں نے ساؤتھ ایشین وائر کو بتایا کہ شہر کے کچھ علاقوں میں صرف نجی کاریں اور کچھ آٹو رکشہ چل رہے تھے۔
این سی رہنما جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے ساؤتھ ایشین وائر کو بتایا ، یہ پوری مشق غیر آئینی ہے۔ پارلیمنٹ کے پاس جموں و کشمیر پر لاگو ہونے والے آرٹیکل 3 کے مطابق کسی ریاست کو ٹکڑوں میں بانٹنے کا اختیار نہیں ہے ۔ ایک نئی ریاست کی تشکیل  کا اختیار صرف پارلیمنٹ کے پاس ہے۔ پارلیمنٹ چاہے توکسی ریاست کا ایک حصہ ختم کرسکتی ہے اور ایک نئی ریاست تشکیل دے سکتی ہے۔ 
رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے یا جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے لئے منتخب ریاستی حکومت کا اتفاق رائے ضروری ہے۔
تاہم ، بی جے پی نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جموں و کشمیر اور لداخ میں امن اور ترقی کا آغاز ہوگا۔
بی جے پی کے ریاستی ترجمان خالد جہانگیر نے کہا کہ یہ تبدیلی امن ، ترقی اور وقار کے لئے ہے ۔
وادی کے لوگوں نے ساؤتھ ایشین وائر کو بتایا کہ مرکز کے فیصلے نے ان کی شناخت اور خصوصی حیثیت چھین لی ہے۔شہر کے سول لائنز ایریا کے رہائشی مزمل محمد نے بتایا کہ انہوں نے ہماری خصوصی حیثیت اور ہماری شناخت چھین لی ہے۔یہ ہمارے مفادات کے خلاف فیصلہ ہے۔ 
ایک اور مقامی شخص، عمر زرگر نے ، الزام عائد کیا کہ ، ہندوستان کا فیصلہ غیر قانونی ، غیر اخلاقی اور غیر آئینی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان آرٹیکل 370 کو منسوخ نہیں کرسکتا۔ یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں ہے۔ اس پر قراردادیں ہیں۔