اراکین قومی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات ،وزیراعظم 10 کروڑ   82لاکھ 36ہزار سے زائد  اثاثوں کے مالک

اراکین قومی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری ،وزیراعظم 10 کروڑ   82لاکھ 36ہزار سے زائد  اثاثوں کے مالک
وزیر اعظم کے پاس دو لاکھ روپے مالیت کی چار بکریاں بھی ہیں، 6.2مربع زرعی اور کمرشل اراضی کے بھی مالک
وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی  تین کینال کے بنی گالا میں گھر  کی  مالک، پاکپتن میں ان کے نام پر 431کنال اراضی اور اوکاڑہ میں266کنال اراضی ان کی ملکیت  ہے
بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری دبئی کے اقامہ ہولڈر ہیں
بلاول بھٹو زرداری کے اثاثوں کی کل مالیت ایک ارب 54کروڑ روپے سے زائد ، آصف زرداری کے اثاثوں کی کل مالیت 66کروڑ روپے سے زائد ہے
شہباز شریف کے اثاثوں کی کل مالیت 18کروڑ 96لاکھ روپے سے زائد،شاہد خاقان عباسی کے اثاثوں کی کل مالیت 60کروڑ روپے سے زائد

اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین قومی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں ،  وزیر اعظم عمران خان کے اثاثوں کی کل مالیت 10کر وڑ، 82لاکھ 36ہزار سے زائد ہے۔انہوں نے بنی گالا زمین کو تحفہ ظاہر کیا ہے۔  ۔ وزیر اعظم  نے  ڈالرز، پائونڈز اسٹرلنگ اور یورو اکائونٹس بھی ظاہر کئے  ہیں۔ وزیر اعظم کے پاس دو لاکھ روپے مالیت کی چار بکریاں بھی ہیں۔ جبکہ عمران خان 6.2مربع زرعی اور کمرشل اراضی کے بھی مالک ہیں۔ جبکہ وزیر اعظم نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی فراہم کر دی ہیں جن کے مطابق تین کینال کا بنی گالا میں گھر ان کی ملکیت ہے، پاکپتن میں ان کے نام پر 431کنال اراضی اور اوکاڑہ میں266کنال اراضی ان کی ملکیت ہے۔ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری دبئی کے اقامہ ہولڈر ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے اثاثوں کی کل مالیت ایک ارب 54کروڑ روپے سے زائد ہے۔ بلاول بھٹو کے دبئی میں دو ولاز بھی ہیں۔ جبکہ آصف زرداری کے اثاثوں کی کل مالیت 66کروڑ روپے سے زائد ہے۔ آصف زرداری کے پاس ایک کروڑ روپے کے گھوڑے اور دیگر جانور بھی موجود ہیں۔ آصف زرداری کے پاس ایک کروڑ 66لاکھ روپے کا اسلحہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کے اثاثوں کی کل مالیت 18کروڑ 96لاکھ روپے سے زائد ہے۔ شہباز شریف نے بیرون ملک اپنی جائیداد ظاہر کی ہے اور بیرون ملک ان کے 14کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ہیں ۔شہباز شریف نے لندن میں فلیٹ بھی ظاہر کیا ہے۔شہباز شریف کی اہلیہ نصر ت شہباز کے اثاثوں کی کل مالیت 23کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کے اثاثوں کی کل مالیت 57لاکھ، 65 ہزار روپے   ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے اثاثوں کی کل مالیت 60کروڑ روپے سے زائد ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے اثاثوں کی مالیت تین کروڑ 58لاکھ روپے ہے جبکہ شیخ رشید کے پاس آٹھ کروڑ 73لاکھ روپے سے زائد کا بینک بیلنس ہے جبکہ 25لاکھ روپے سے زائد مالیت کے بانڈز بھی ان کی ملکیت ہیں۔ اے این ایف کی جانب سے گرفتار کئے گئے پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان کے اثاثوں کی کل مالیت چھ کروڑ60 لاکھ روپے  ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سیدخورشید احمد شاہ کے پاس چھ کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ہیں۔ وزیر مواصلات مراد سعید کے  اثاثوں میں 36لاکھ روپے کیش اور 15تولے سونا شامل ہے۔ وزیر مملکت برائے سیفران شہریارخان آفریدی نے دو کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کئے ہیں جبکہ وزیر دفاع پرویز خان خٹک کے پاس 13 کروڑ 95لاکھ روپے کے اثاثے ہیں جبکہ اڑھائی کروڑ روپے بینک بیلنس ہے۔ ۔پی ٹی آئی کے ایم این اے سمیع الحسن گیلانی 1 ارب روپے سے زائد اثاثوں اور وفاقی وزیر علی زیدی 3 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ZS
#/S