یوفون کے سربراہ عبد العزیز نے صحافیوں کے غیر ملکی دورے کیلئے فنڈز جاری کرنے سے انکار کردیا ہے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) یوفون کے سربراہ عبد العزیز نے صحافیوں کے غیر ملکی دورے کیلئے فنڈز جاری کرنے سے انکار کردیا ہے جس پر ڈائریکٹر تعلقات عامہ عامر پاشا نے اپنے چند دوستوں کو نوازنے کیلئے مارکیٹنگ شعبہ کے فنڈ سے رقم حاصل کرلی اور تھائی لینڈ جانیوالے فرنچائزڈ اداروں کے مالکان اور اعلیٰ عہدیداروں کے گروپ میں دوست صحافیوں کو شامل کردیا ہے۔ یوفون پاکستان کی تیسرے درجہ کی موبائل فون کمپنی ہے۔ عامر پاشا نے حال ہی میں زونگ موبائل فون سے استعفیٰ دے کر بطور ڈائریکٹر تعلقات عامہ کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔ موبی لنک نے طویل منصوبہ بندی کرکے تین روزہ فیملی گالا کا اہتمام پی سی بھوربن میں کیا ہے جس میں سندھ ٗ پنجاب ٗ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے صحافیوں کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ مدعو کیا۔ اس پروگرام میں 80 سے زیادہ صحافیوں نے شرکت کی اس پروگرام کی بھنک جب یوفون ڈائریکٹر تعلقات عامہ عامر پاشا کو ملی تو جلد بازی میں تھائی لینڈ کے دورہ کا پروگرام ترتیب دے دیا لیکن اس کیلئے فوری طور پر رقم کا بندوبست نہ ہوسکا۔ یوفون کے سربراہ نے اعتراض لگا دیا اور رقم فراہم نہ کی ۔ لیکن عامر پاشا نے موبی لنک کے پروگرام کو خراب کرنے کیلئے محدود دوستوں کو دورہ پر راضی کرلیا اور انہیں یوفون کے مارکیٹنگ شعبہ کے پروگرام تھائی لینڈ دورے کیلئے گروپ میں شامل کردیا اس پروگرام سے یوفون کی پی آر کمپنی بھی بے خبر رہی ہے۔ پی آر کمپنی کے ذمہ دار اس سارے پروگرام سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ر ہے حتیٰ کے یوفون کے اعلیٰ عہدیدار بھی آخری وقت تک اس پروگرام سے لاتعلق رہے۔ اس طرح یوفون جوماضی میں دو بار غیر ملکی دورے پر درجنوں صحافیوں کو لے جاچکی ہے۔ اس بار صرف پانچ صحافیوں کو تھائی لینڈ بھیج سکی ہے۔