سندھ ہائیکورٹ:موبائل فون کی بندش کیخلاف فریقین کونوٹس جاری

کراچی(خصو صی رپورٹ)سندھ ہائی کورٹ نے موبائل فون کی بندش کے خلاف فریقین کو بائیس نومبر کے لئے نوٹس جاری کردیئے۔سندھ ہائیکورٹ میں موبائل فون بندش کے خلاف مقامی موبائل فون کمپنی کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل اعجاز احمد نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے تحت موبائل فون سروس کی بندش صرف صدر پاکستان آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے ایمرجنسی یا ہنگامی حالت میں نافذ کرسکتا ہے جبکہ وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے پابندی عائد نہیں ہوسکتی ۔درخواست کے گزار کے وکیل کا موقف تھا کہ رواں سال سات مرتبہ موبائل فون سروس بند کی گئی ۔ عدالت نے ابتدائی سماعت میں وفاق ، پی ٹی اے اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو بائیس نومبر کے لئے نوٹسز جاری کردیئے۔