وزیراعلیٰ پنجاب کی تمام اضلاع کے اعلیٰ حکام‘ کمشنرز اور پولیس افسران کو آفیشل فیس بک پیج جوائن کرنیکی ہدایت

 
لاہور(آئی این پی)وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف صوبے کے تمام 36 اضلاع کے اعلی حکام‘ کمشنرز اور پولیس افسران کو وزیراعلی پنجاب کا آفیشل فیس بک پیج جوائن کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ انٹرنیٹ پر ان کی مقبولیت کو ظاہر کیا جا سکے۔ ایک نیوز ویب سائٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے مئی کے آخری ہفتے میں سرکاری افسران کو مراسلے کے ذریعے ہدایت کی گئی تھی کہ وہ شہباز شریف کے فیس بک پیج کو جوائن کریں اور خود کو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ کی تربیت دیں۔ تاہم اس ہدایت پر عمل نہ ہونے پر میاں شہباز شریف نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین عمیر سیف سے ملاقات کر کے انہیں یہ پیغام براہ راست متعلقہ حکام تک پہنچانے کا کہا۔ وزیر اعلی پنجاب روزانہ رات 12 بجے سے 2 بجے تک اپنے فیس بک کے صفحے کا جائزہ لیتے ہیں اور وہ ذاتی طور پر دیکھتے ہیں کہ کون سے افسران ان کے اکاؤنٹ کا حصہ بن گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف نے تمام سرکاری افسران کو یہ ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے فیس بک اکاؤنٹس سے تحریک انصاف سے متعلق مواد ہٹا دیں اور کسی بھی بھی پی ٹی آئی پیج کو لائک نہ کریں۔