Telenor new Ceo Lars Christian Luel

 

 

اسلام آباد( خصو صی رپورٹ ): ٹیلی نار پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے لارس کرسچیاں لیو ل

کو آج سے کمپنی کا نیا چیف ایگزیکٹیو آفیسر مقرر کردیا ہے۔کمپنی کے سابقہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کرسچیاں البیک ٹیلی نار کو 20سال کی خدمات فراہم کرنے کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے ۔
ٹیلی نار گروپ کے صدر و چیف ایگزیکٹیو آفیسر جان فریڈرک بکساسنے لارس کی پاکستان واپسی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ماضی میں شاندار نتائج کو یقینی بناتے ہوئے کمپنی کے چیف مارکیٹنگ آفیسر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لارس کی پاکستانی مارکیٹ کے بارے میں کثیر معلومات ، ٹیلی کام کے شعبے میں وسیع تجربہ اور قائدانہ صلاحیات انہیں ٹیلی نار پاکستان کے آپریشنز کو مزید تقویت بخشنے میں ساز گار ثابت ہونگے۔

اس وقت لارس بنکاک میں واقع ٹیلی نار گروپ کے ایشیا آفیس میں بطور ہیڈ آف مارکیٹنگ اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔اس سے قبل وہ پاکستان میں 3سال کے عرصے کیلئے ٹیلی نار پاکستان کے چیف مارکیٹنگ آفیسر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔وہ بین الاقوامی سطح پر ٹیلی نار اور نیمبیا میں سیل ون کے ساتھ مختلف عہدوں پرفرائض سر انجام دے چکے ہیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان کے نئے منتخب شدہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر لارس کرسچیاں لیو ل نے کہا کہ ٹیلی نار پاکستان اور ملک کیلئے ان کی نیک تمنائیں انہیں اونچی توقعات کے ساتھ یہ نیا عہدہ سنبھالنے کا اہل بناتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ کمپنی میں کام کرنے والے لوگوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور مستقبل میں بھی اعلیٰ کارکردگی کو یقینی بناتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے شاندار نتائج کو جاری رکھنے کے جذبے سے سر شار ہیں۔پاکستانی ٹیلی کام سیکٹر ابھی ابتدائی مراحل طے کر رہا ہے اور اس کا مستقبل بلا شبہ تابناک ہے۔