Site icon Teleco Alert

ملکی ایئر پورٹس پر سیلف چیک اِن سسٹم ایک سال سے غیر فعال

کرا چی: ملکی ایئر پورٹس پر سیلف چیک اِن سسٹم ایک سال سے غیر فعال

ایئر لائنز کی جانب سے جدید سیلف چیک اِن سسٹم پر اپنا سافٹ ویئر انسٹال نہیں کیا جا سکا

کراچی(ویب ڈیسک )ملکی ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے جدید سیلف چیک اِن سسٹم کو ایک سال ہو گیا جو تاحال غیر فعال ہے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک سال قبل جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت ملک کے 6 ایئر پورٹس پر 15 سے زائد جدید مشینیں مسافروں کی سہولت کے لیے نصب کی تھیں۔تاہم ایئر لائنز کی جانب سے جدید سیلف چیک اِن سسٹم پر اپنا سافٹ ویئر انسٹال نہیں کیا جا سکا ہے، سافٹ ویئر انسٹال نہ ہونے کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ تمام ایئر لائنوں کو متعدد بار خطوط لکھے جا چکے ہیں کہ وہ اپنے سافٹ ویئر کو اپ گریڈ کر لیں، صرف پی آئی اے نے سیلف چیک اِن سسٹم پر اپنا سافٹ ویئر انسٹال کر نے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جدید مشینوں کے نصب ہونے سے مسافر اپنا بورڈنگ پاس خود کار طریقے سے حاصل کر سکیں گے۔سی اے اے کے مطابق جدید چیک ان سسٹم سے ہینڈ کیری بیگجز والے مسافروں کو یہ سہولت میسر ہوگی، یہ سسٹم فعال ہو نے سے سی اے اے کو زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

Exit mobile version