وفاق آزاد کشمیر میں ڈرائی پورٹ کے قیام اور ٹیکسیشن نظام میں بہتری کیلئے سہولیات فراہم  کرے گا

وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں ڈرائی پورٹ کے قیام اور ٹیکسیشن نظام میں بہتری کیلئے تمام تکنیکی سہولیات فراہم  کرے گی

آزادکشمیر سنٹرل بورڈ آف ریوینیو بھی فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کی طرز پر ٹیکس پالیسی کی تشکیل اور ٹیکسیشن قواعد تجویز کرنے کا مجاز ہو گا

چیئرمین آزادجموں و کشمیر سنٹرل بورڈ آف ریوینیو فرحت علی میر کی چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو پاکستان جاوید غنی سے ملاقات

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) چیئرمین آزادجموں و کشمیر سنٹرل بورڈ آف ریوینیو فرحت علی میر کی چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو پاکستان جاوید غنی سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، ٹیکسیشن کے حوالے سے ریاست کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں چیئرمین ایف بی آر کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی۔ وفاقی حکومت کی طرف سے آزاد کشمیر میں ڈرائی پورٹ کا قیام اور ٹیکسیشن نظام میں بہتری کیلئے تمام تکنیکی سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین آزاد کشمیر سنٹرل بورڈ فرحت علی میر کی چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو  پاکستان جاوید غنی سے   ایف بی آر سیکرٹریٹ اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امورپر مفصل انداز میں سیر حاصل بحث ہوئی۔ چیئرمین AJ&K CBRنے بتایاکہ وفاقی اور صوبائی ریوینیو اداروں کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی سنٹرل بورڈ آف ریوینیو کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،اس ضمن میں FBRایکٹ، 2007کی طرز پر باقاعدہ قانون سازی عمل میں لاتے ہوئے AJ&K CBR ایکٹ، 2020کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے پاس کروایا گیا اور مطابقاً اُس کا نفاذ بھی عمل میں لایا جا چکا ہے۔ یہ بورڈ بھی فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کی طرز پر ٹیکس پالیسی کی تشکیل اور ٹیکسیشن قواعد تجویز کرنے کا مجاز ہو گا، جو ریاست کے مالیہ میں خاطر خواہ اضافے کا باعث ہوگا۔اس تفصیلی ملاقات میں چیئرمین آزاد کشمیر سنٹرل بورڈ آف ریوینیو نے فیڈرل بورڈ کی جانب سے حل طلب مختلف امور بشمول ڈرائی پورٹ کا قیام اور محکمہ ان لینڈ ریوینیو کو جدید ترین کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے مطابق استوار کرنے کیلئے معاہدہ کرنے پر زور دیا۔ چیئر مین  ایف بی آرکو بتایا گیا کہ ڈرائی پورٹ کا معاملہ  سال 1993سے زیر غور ہے، لیکن تاحال اس کو عملی شکل نہ دی جاسکی۔ اس ضمن میں آزاد حکومت کی جانب سے انڈسٹریل ایریا، میرپور میں 100کنال اراضی بھی مختص کر دی گئی ہے۔ چیئرمین  ایف بی آرسے استدعا کی گئی کہ ہنگامی بنیادوں پر ان معاملات کو نمٹایا جائے، نیز ریاستی محاصل کو مزید بہتر بنانے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو سے ہر طرح کی تکنیکی سہولت میسر کرنے اور اس کو عملی طور پر آزاد کشمیر ٹیکس نظام میں نافذ کرنے کی بھی استدعا کی گئی۔ اس ضمن میں طے پایا کہ کہ آزاد کشمیر کے ٹیکس نظام کو جدید کمپیوٹرائزڈ خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کے وسیع تر نیٹ ورک سے منسلک کر دیا جائے، جس پر چیئرمین ایف بی آر نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس تفصیلی نشت کے دوران چیئر مین آزاد کشمیر سنٹرل بورڈ آف ریوینیو نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیوکو مالی سال 2020ـ21کی پہلی سہ ماہی کے اہداف کامیابی سے حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں آگاہ کیا کہ آزاد کشمیر نے بھی رواں مالی سال کے ریوینیو اہداف COVIDـ19اورمیرپور میں زلزلہ وقوع پذیر ہونے کے باوجود احسن طور سے پورے کیے۔ جس پر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے آزاد حکومت کی جانب سے ریوینیو اہداف کے کامیاب حصول پر تعریفی کلمات پیش کئے۔نشت کے اختتام پر چیئر مین  ایف بی آر نے ڈرائی پورٹ کے قیام، ریاستی ٹیکس سسٹم کو جدید طریقہ کار کے مطابق مربوط کرنے اور ٹیکس نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے حوالے سے معاہدہ نامہ کی جلد تکمیل اور نفاذ میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس امر کا اعادہ کیا کہ آزاد کشمیر کے ٹیکس گزاران کو پورے پاکستان بھر میں ہر طرح کی مساوی ٹیکس سہولیات مہیاکی جائیں گی۔