گوگل کا نیا فون پکسل 4a لانچ، کم قیمت نے سب کو حیران کر دیا

واشنگٹن (ویب ڈیسک(

کئی مہینوں کی افواہوں اور لیکس کے بعد بالآخر گوگل کا نیا پکسل فون سامنے آ گیا اور اس کی قیمت بھی حیرت انگیز طور پر اپنے حریف اسمارٹ فونز کی نسبت بہت کم رکھی گئی ہے۔

پکسل 4a گوگل ہی کے دیگر اسمارٹ فونز پکسل 4 اور پکسل 4XL کا کم قیمت  متبادل بھی ہے۔

پکسل 4a ماڈرن دور اسمارٹ فون کے مقابلے میں چھوٹا ہے مگر اس میں 5.81 انچ کی اسکرین نصب کی گئی ہے یہ درمیانے درجے کے اسنیپ ڈرین 730G آکٹاکور چپ سیٹ سے لیس ہے۔

اس فون میں صارفین کو 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج ملے گی جب کہ 3140mAH کی بیٹری اس میں لگائی گئی ہے جو کہ زیادہ بڑی نہیں ہے مگر ایسی خصوصیات والے فون کے لیے کافی اچھی ہے۔

پکسل 4a میں 12.2 میگا پکسل کا مین کیمرہ دیا گیا ہے جو کہ یقیناً دیگر فونز کی نسبت چھوٹا ہے لیکن گوگل کی تاریخ ہے کہ وہ ہمیشہ اپنے فون کے کیمروں کا معیار بہت اچھا رکھتا ہے جب کہ 8 میگاپکسل کا سیلفی کیمرہ بھی فون میں موجود ہے۔

پکسل 4a گوگل کے تازہ ترین آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ 10 کے ساتھ ریلیز کیا گیا ہے جب کہ یہ فون ان چند فون میں بھی شامل ہوگا جنہیں گوگل کے اگلے آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 11 کی اپ ڈیٹ ملے گی۔

اس کی قیمت کیا رکھی گئی ہے؟

گوگل نے اس فون کی قیمت صرف 349 امریکی ڈالر رکھی ہے جو کہ پاکستانی روپوں میں 58 ہزار کے لگ بھگ بنتی ہے۔ اس لیے یہ اپنے حریف فونز ایپل (2020) SE اور ون پلس نورڈ سے قیمت میں انتہائی کم ہے۔

یہ فون 20 اگست سے امریکی مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔