نوجوانوں تک انٹرنیٹ کی آسان رسائی ، سستے پیکیجز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ,,وزیرِ اعظم عمران خان

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت انٹرنیٹ کی وسیع کوریج  سے متعلق  اعلی سطح کا  اجلاس

 نوجوانوں تک انٹرنیٹ کی آسان رسائی ، سستے پیکیجز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے

آسلام آباد (صباح نیوز)وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت  ملک میں انٹرنیٹ کی وسیع اور بہتر کوریج کو  یقینی بنانے اور ٹیلی کام شعبے سے متعلقہ ایشوز پر غور کرنے کے لئے اعلی سطح کا  اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزرا شفقت محمود، محمد حماد اظہر، امین الحق، اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ،  معاون خصوصی تانیہ ایدرس، سیکرٹری انفارمیش ٹیکنالوجی ڈویژن، چئیرمین پی ٹی اے ، سی ای او یونیورسل سروس فنڈ و دیگر حکام شریک ہوئے ۔اجلاس میں ملک میں انٹرنیٹ کی وسیع اور بہتر کوریج کو یقینی بنانے اور ٹیلی کام سیکٹر  کے حوالے سے متعلقہ  ایشوزکے حل کے حوالے  سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ طالب علموں تک انٹرنیٹ کی آسان   رسائی اور سستے پیکیج کی فراہمی کے حوالے سے بھی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ملک کے پس ماندہ علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ کی کوریج کو یقینی بنانے کے حوالے سے یونیورسل سروس فنڈ کے مختلف منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیرِ اعظم نے تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ٹیلی سکولنگ اور انٹرنیٹ کے ذریعے تعلیم کی فراہمی  کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں تعلیم کے حصول میں آسانیاں فراہم کی جائیں۔ وزیرِ اعظم نے موبائل اور انٹرنیٹ کوریج کو وسعت دینے خصوصا دور دراز اور پس ماندہ علاقوں میں کوریج بڑھانے کے حوالے سے یو ایس ایف کے مختلف اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تعلیم جیسے ترجیحاتی شعبے کو یو ایس ایف کے دائرہ کار میں شامل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کو تیز کیا جائے۔ نوجوانوں تک انٹرنیٹ کی آسان رسائی ، سستے پیکیجز کی فراہمی  اور ٹیلی کام سیکٹر سے متعلقہ ایشوز کے حل کے لئے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ان معاملات کو اقتصادی رابطہ کمیٹی میں زیر غور لایا جائے اور آئندہ دو ہفتوں میں اس حوالے سے فیصلے کیے جائیں۔