قومی فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام 2020 کا آن لائن آغاز

پہلے قومی فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام 2020 کا آن لائن آغاز کردیا گیا
انتظام  نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن نے کیا ہے

اسلام آباد(صباح نیوز)  نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن

(NAHE)نے اپنے پہلے قومی فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام 2020 کا آن لائن آغاز کر دیا ہے۔ چار ہفتوں پر مشتمل آن لائن پروگرام تدریس کے مختلف شعبہ جات بشمول مئوثر تدریس، تحقیقی انتظام و انصرام ، اور پیشہ ورانہ مشق سے متعلق فیکلٹی کے نئے اراکین کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔  جاری بیان کے مطابق قومی و غیر ملکی ماہرین پر مشتمل ٹیم کی قیادت میں ترتیب دیا گیایہ پروگرام کووڈ۔19 کے حوالے سے پاکستانی جامعات کی آن لائن تیاری سے متعلق مرتب کردہ پالیسی کی شق نمبر 5کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ دستاویزات نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن کے ویب پیج پر بہترین رائج شدہ مشقوں کی مثالوں کی صورت میں موجود ہیں تاکہ وہ جامعات جو یکم جون 2020سے آن لائن تدریس شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہیں اُن کو بروئے کار لاسکیں۔ قومی فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام 2020میں اپریل سے اگست تک تقریباََ 40شرکاء کو شامل کیا جائے گا۔ اس وقت پہلے دستے میں تقریباََ 44شرکاء موجود ہیںجو کہ عالمی معیار کے اس پروگرام کے تحت سیکھنے کے عمل کو محنت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔