ای او بی آئی نے بزرگ پنشن یافتگان کیلئے سماجی ابلاغ کی سہولت متعارف کروادی ، 

 ای او بی آئی نے بزرگ پنشن یافتگان کیلئے سماجی ابلاغ کی سہولت متعارف کروادی ،
جدید نظام کی بدولت بزرگ پنشن یافتگان کو سفر کی صعوبتوں،طویل قطاروں اور انتظار کی کوفت سے نجات ملے گی ،پر چیئرمین ای او بی آئی

کراچی ( صباح نیوز) ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) نے ادارہ کے تمام حصہ داروں آجران، محنت کشوں،پنشن یافتگان اور عوام الناس سے فوری رابطہ اور ادارہ کی وسیع خدمات اور کارکردگی کو اجاگر کرنے کی غرض سے سماجی ابلاغ کے معروف ادارہ بیل کائو کمیونیکیشن کے اشتراک سے سماجی ابلاغ کے ایک اہم ذریعہ ٹوئٹر ارسال کرنے کا آغاز کردیا ہے۔اس موقع پر چیئرمین ای او بی آئی، اظہر حمید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود میں ای او بی آئی کی وسیع خدمات اور کارکردگی کو اجاگر کرنے کے لئے رابطہ کی جدیداور برق رفتار ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ای او بی آئی کا پورا کا پورا نظام مکمل کمپیوٹرائزڈ ہے اور ای او بی آئی2016سے اپنے لاکھوں بزرگ پنشن یافتگان کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعہ پنشن فراہم کررہا ہے۔اس جدید نظام کی بدولت بزرگ پنشن یافتگان کو سفر کی صعوبتوں،طویل قطاروں اور انتظار کی کوفت سے نجات مل گئی ہے۔اب پنشن یافتگان جب چاہیں اور جہاں چاہیں باآسانی اپنی پنشن حاصل کرسکتے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین ای او بی آئی نے صدر دفتر میں”  ای او بی آئی نے ایک مالی سال میں اپنے پنشن یافتگان کو31  ارب  74کروڑ روپے ادا کئے ۔جس میں33,019 نئے بوڑھے پنشن یافتگان بھی شامل ہیں۔”  کے عنوان سے ٹوئٹ ارسال کرکے ٹوئٹر کا باقاعدہ آغاز کردیا۔اس موقعہ پر مشیر سماجی ابلاغ اورکائو بیل کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد واسع مصطفی نے کہا کہ ہم ملک کے بزرگ پنشن یافتگان اور محنت کش برادری کے لئے ای او بی آئی کی قابل قدر خدمات کی فراہمی میں رابطہ کی جدید سہولیات مہیا کرکے ادارہ کے شانہ بشانہ شریک ہیں۔