فیڈرل سروس ٹریونل کا وفاقی سرکاری ملازمین کی اپیلوں کی سماعت کو بہتر بنانے کے لئے ای کورٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ
آئندہ ملازمین کے اپیلوں پر کم سے کم وقت میں فیصلہ جاری کرنے کے لئے ٹربیونل کے ممبران کو ہدایات جاری کردی ہیں ،قاضی خالد علی
اسلام آباد( صباح نیوز) فیڈرل سروس ٹریونل نے وفاقی سرکاری ملازمین کی اپیلوں کی سماعت کو بہتر بنانے کے لئے ای کورٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیاہے ،جبکہ آئندہ ملازمین کے اپیلوں پر کم سے کم وقت میں فیصلہ جاری کرنے کے لئے ٹربیونل کے ممبران کو ہدایات جاری کردی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار فیڈرل سروس ٹربیونل کے چئیرمین قاضی خالد علی نے فیڈرل سروس ٹربیونل کی فل کورٹ میٹنگ میں کی ۔فل کورٹ میٹنگ میں ٹربیونل کے اسلام آباد ،لاہور اور کراچی بنچز کے ممبران ، ٹربیونل کے رجسٹرار نور محمد اور ایس پی ایس محمد محمود نے شرکت کی ۔میٹنگ میں ٹربیونل کے گزشتہ ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ٹربیونل کے چئیرمین قاضی خالد علی نے ٹربیونل کی کارکردگی پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے ممبران کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ رواں سا ل کے لئے کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ وفاقی سرکاری ملازمین کو کم سے کم وقت میں انصاف فراہم کیاجاسکے ۔اس موقع پر چئیرمین ٹربیونل قاضی خالد علی کا کہنا تھا کہ وفاقی سرکاری ملازمین کی اپیلوں پر سماعت کو بہتر بنانے کے لئے ای کورٹ سسٹم کا فیصلہ کیاگیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ دنوںاسلام آباد اور کراچی آفس کے مابین تجرباتی طور پر ایک کیس کی سماعت کی گئی تھی اور یہ تجربہ کامیاب رہا ہے ۔انہون نے کہاکہ ٹربیونل نے ای کورٹ کے لئے باضابطہ طور پر این ٹی سی حکام سے رابطہ میں ہے امید ہے کہ جلد اس سلسلے میں ہمیں کامیابی ملے گی ۔قاضی خالد علی نے تمام ممبران پر زور دیا ہے کہ اپیلوں کی سماعت پر کم سے کم وقت صرف کرکے جلد سے جلد فیصلے جاری کئے جائیں ۔