پاکستان میں 77 فیصد افراد موبائل فون پر انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں

انٹرنیٹ ڈیوائس کے ذریعے وائی فائی سسٹم سمیت موبائل سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں بھی روزانہ، گھنٹہ ہفتے اور مہینے کے حساب سے سستے انٹرنیٹ پیکجز متعارف کروا رہی ہیں جسکے باعث اب شہریوں کے ہاتھوں میں موجود موبائل صرف فون نہیں رہا بلکہ ’انٹرنیٹ گیجٹ‘ بھی بن گیا ہے۔

کراچی کی رہائشی مسز اکبر  کہتی ہیں کہ، ’میرے پاس دو موبائل فونز ہیں ایک موبائل میں نے عام فون کالز جبکہ دوسرا موبائل میرا انٹرنیٹ موبائل ہے جس سے میں بیرون ِممالک دوستوں اور رشتے داروں سے مختلف ایپلیکیشنز اور سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے پر رہتی ہوں۔ پہلے اسکے لئے باقاعدہ کمپیوٹر کھول کر بیٹھنا پڑتا تھا اسمارٹ فون نے اب انٹرنیٹ استعمال کرنا آسان بنادیاہے‘۔

کراچی شہر کے ایک اور رہائشی کا کہنا ہے کہ، ’موبائل پر انٹرنیٹ استعمال کرنا یوں بھی آسان ہے کہ موبائل نیٹ ورک پیکجز نہایت سستے ہیں آپ 10 روپے میں پورے24 گھنٹے مفت انٹرنیٹ کی سہولت لے سکتے ہیں جسکے مطابق آپکی جیب پر بھی بار نہیں پڑتا اور آپ ہر وقت ہر جگہ انٹرنیٹ کا رابطہ رکھ سکتے ہیں اور سوشل میڈیا بھی کنیکٹ رہتا ہے۔ موبائل فون پر ہی آپکو دوستوں کی ساری معلومات ملتی رہتی ہیں کہ کون کیا کر رہا ہے‘۔

کراچی میں موبائل فون سروس کمپنی میں کام کرنے والی عاصمہ وی او اے کو بتاتی ہیں کہ، ’ہمارے پاس زیادہ موبائل فون کی شکایات لےکر آنے والوں کا سب سے پہلا مطالبہ یہی ہوتا ہے کہ ہمارا فون جلدی ریپیئر کردیا جائے کیونکہ اس پر ہماری ای میلز میسجز یعنی انٹرنیٹ استعمال کرنا ہے تو ذرا جلدی کریں زیادہ تر لوگوں کے پاس اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ پر رابطوں  کا استعمال بڑھ رہا ہے یہی وجہ ہے کہ مارکیٹ میں نئے سے نئے جدید فون مارکیٹ میں آرہے ہیں‘۔

دنیا کے سب سے مشہور سرچ انجن ‘گوگل’ کی سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنےوالے صارفین کی ایک بڑی تعداد کمپیوٹر کے بجائے موبائل فون پر انٹرنیٹ استعمال کررہی ہے۔ گوگل کی سروے رپورٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 77 فیصد افراد موبائل فون پر انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں جبکہ 37 فیصد انٹرنیٹ سارفین دیگر فون انٹرنیٹ جبکہ 59 فیصد پاکستانی ٹیبلیٹس پر انٹرنیٹ استعمال کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں  انٹرنیٹ صارفین کی سب سے بڑی ترجیحات سوشل میڈیا سائٹس کا استعمال ای میلز چیکنگ اور عام سرچ ہوتا ہے۔