پاکستان میں کورونا وائرس سے آگاہی کیلئے ویب پورٹل متعارف

پاکستان میں کورونا وائرس سے آگاہی کیلئے ویب پورٹل متعارف
ویب پورٹل کورونا وائرس کے پھیلائو کے خطرات کے پیشِ نظر تشکیل دیا گیا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا
این آئی ٹی بی کی ٹیم نے وزارت صحت کی شراکت سے  عوام کے لیے پورٹل کو متعارف کرایا ہے، شباہت علی شاہ
ہم امید کر رہے ہیں کہ یہ پلیٹ فارم سب کے لیے معلومات کا ایک موثر ذریعہ بنے گا،سربراہ این آئی ٹی بی

اسلام آباد(صباح نیوز)وزارتِ صحت اور قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی)کی شراکت داری سے جان لیوا کورونا وائرس کے حوالے سے ویب پورٹل متعارف کرا دیا گیا ہے۔این آئی ٹی بی کے سربراہ شباہت علی شاہ نے ویب پورٹل متعارف کرانے کے موقع پر کہا کہ این آئی ٹی بی کی ٹیم نے وزارت صحت کی شراکت سے کم سے کم وقت کے اندر عام عوام کے لیے اس پورٹل کو متعارف کرایا ہے۔انہوں نے کورونا وائرس سے آگاہی کے لیے ویب پورٹل متعارف کرانے کے حوالے سے مزید کہا کہ ہم امید کر رہے ہیں کہ یہ پلیٹ فارم سب کے لیے معلومات کا ایک موثر ذریعہ بنے گا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا کہ کورونا وائرس کی ہیلپ لائن 1169 کے علاوہ اب ہم ایک آن لائن پلیٹ فارم بھی متعارف کرا رہے ہیں جس میں بیماری سے متعلق سوال و جواب ہوں گے، مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے ویب سائٹ دیکھیں اور اپنے دوستوں اور عزیز و اقارب میں بھی یہ معلومات پھیلائیں۔ویب پورٹل کورونا وائرس کے پھیلائو کے خطرات کے پیشِ نظر تشکیل دیا گیا ہے، پورٹل میں کورونا وائرس کی علامات، انسانوں میں پھیلا، انکیوبیشن پیریڈ اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ سفری اور طبی مشوروں کے حوالے سے تفصیلات بھی موجود ہیں۔واضح رہے کہ چین میں مہلک وائرس کے مزید 573 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہزار 824 ہو گئی ہے۔کورونا وائرس نے چین میں مزید 35 زندگیاں نگل لی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2870 ہوگئی ہے۔