پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کوبھی کاروبار حصص میں اتارچڑھائو کے بعد مندی

 پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کوبھی کاروبار حصص میں اتارچڑھائو کے بعد مندی
کے ایس ای100انڈیکس34500،34400،34300اور34200کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا
کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت 54.18فیصدکم رہا ،مندی کے باعث مارکیٹ سرمائے میں 50ارب63کروڑ روپے سے زائدڈوب گئے
کراچی ( صباح نیوز)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے آخری روزجمعہ کوبھی کاروبار حصص میں اتارچڑھائو کے بعد مندی رہی اورکے ایس ای100انڈیکس34500،34400،34300اور34200کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا،کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت 54.18فیصدکم رہا جبکہ71.62فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی رہی۔مندی کے باعث مارکیٹ سرمائے میں 50ارب63کروڑ روپے سے زائدڈوب گئے ۔جمعہ کوکاروبارکا آغازملے جلے رجحان سے ہواتاہم خریداروں کی عدم موجودگی کے باعث پہلے گھنٹے میں کے ایس ای100 انڈیکس میں200پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔فروخت کے دبائو اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے گریز کیا، جس کے نتیجے میں جمعہ کو کے ایس ای100انڈیکس مسلسل تنزلی کا شکاررہا۔جمعہ کی نماز سے قبل اسٹاک مارکیٹ میں322پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، نمازکے بعد میں مندی کا سلسلہ دیکھا گیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس   34063 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ٹریڈہواتاہم بعدازاں غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے ایک بار پھر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی گئی ، جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس کی 34100کی حد بحال ہوگئی تاہم اتارچڑھائو کا سلسلہ سارادن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام کے ایس ای 100 انڈیکس380.60پوائنٹس کمی سے35190.02پوائنٹس پر بندہوا۔کے ایس ای30انڈیکس214.12پوائنٹس کمی سے 16124.70 پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس780.44پوائنٹس کمی سے54341.63پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس183.73پوائنٹس کمی سے25032.78پوائنٹس پربندہوا ۔ جمعہ کو مجموعی طور پر296کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے73کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،212کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ11کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں50 ارب 63کروڑ66لاکھ63ہزار41روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر69 کھرب 10 ارب 24 کروڑ 25لاکھ826روپے ہوگئی۔جمعہ کومجموعی طور پر5کروڑ12لاکھ45ہزار30شیئرزکاکاروبارہوا،جوجمعرات کی نسبت 6 کروڑ 6 لاکھ 14 ہزار30شیئرزکم ہیں۔قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کے حساب سے نیسلے پاکستان کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت 51.00 روپے اضافے سے6800.00روپے اورسائفرفیبرکس کے حصص کی قیمت47.00روپے اضافے سے997.00 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی صنوفائی ایونٹس کے حصص میں ریکارڈکی گئی،جس کے حصص کی قیمت30.00روپے کمی سے575.00روپے اورکولگیٹ پامولیوکے حصص کی قیمت16.00روپے کمی سے2060.00روپے ہوگئی ۔جمعہ کولوٹے کیمیکل کی سرگرمیاں 69لاکھ 38 ہزار500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں،جس کے شیئرزکی قیمت53پیسے اضافے سے16.93روپے اورڈالمین سٹی کی سرگرمیاں 59 لاکھ97ہزارشیئرزکے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی،جس کے شیئرزکی قیمت1پیسے کمی سے10.00روپے ہوگئی۔