فاسٹ نیشنل یونیورسٹی میں اعلی کارکردگی کے حامل طلبہ وطالبات میں میڈلز کی تقسیم

فاسٹ نیشنل یونیورسٹی میں اعلی کارکردگی کے حامل طلبہ وطالبات میں میڈلز کی تقسیم
عملی زندگی میں کامیابی کا انحصار مثبت سوچ اور طرز عمل میں پوشیدہ ہے ریکٹر فاسٹ یونیورسٹی

اسلام آباد(صباح نیوز)تعلیمی میدان میں شاندار کرکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ وطالبات میں میڈلز کی تقسیم کے حوالے سے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز(FAST-NUCES) کے اسلام آباد کیمپس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فاسٹ یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر ایوب علوی نے خزاں 2019کے  امتحانات میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر کامیاب طلبہ وطالبات  کے والدین،  یونیورسٹی  اساتذہ  اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فاسٹ یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹرمحمد ایوب علوی نے کامیاب طلبہ وطالبات  اور ان کے و الدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عملی زندگی میں کامیابی کا  انحصار مثبت سوچ اور طرز عمل میں پوشیدہ ہے،  تعلیمی میدان میں حاصل کی گئی نمایاں پوزیشنز یقینا اہمیت کی حامل ہیں لیکن حقیقی کامیابی اخلاقی اقدار سے مزین ایک اچھا انسان بننا ہے۔ پوزیشن ہولڈرطلبا کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ عملی زندگی میں آپ کی کامیابی کا دارومدار ٹیم ورک اور مثبت رویوں کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ معاشرے میں تعمیری کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنا حاصل کیا گیا علم دوسروں تک پہنچانے میں کوتاہی کا مرتکب نہیں ہونا چاہیے  اور قومی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔  ڈاکٹر ایوب علوی کا کہنا تھا کہ کسی بھی فرد کی ذہانت اگرمعاشرے کے لیے سود مند ثابت ہونی چاہیے۔ قبل ازیں تقر یب کے آغاز پر استقبالیہ خطاب میں فاسٹ نیشنل یونیورسٹی  اسلام آباد کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وسیم اکرام  نے میڈلز حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات اور انکے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق قومی تعمیر وترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور قوم ہم لیڈرشپ کے بحران کا شکار ہیں اور  انہی وجوہات کے باعث ہمارے ادارے انحطاط کا شکار ہیں اور اس بحران پہ قابو پانے کے لیے ہمیں اپنی نئی نسل کی اخلاقی تربیت پر زور دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر وسیم اکرام نے نوجوان نسل کی کردار سازی کو دور حاضر کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین اور اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ نوجوان نسل کی اخلاقی تربیت میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اس سے قبل تقریب میں کمپیوٹر سائنسز، الیکٹریکل انجنیرنگ اور مینجمنٹ سائنسز کے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والے 84 طلبہ وطالبات کو میڈلز پہنائے گئے جن میں  33گولڈ میڈل، 14سلور میڈل اور 27کانسی کے میڈلز شامل تھے۔
#/S