جینوسائیڈ واچ . مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا الرٹ

جینوسائیڈ واچ نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا الرٹ جاری کر دیا
کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر قتل عام شروع ہوسکتا ہے
اقوام متحدہ اور دنیا بھر کے ممالک بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کی وارننگ دیں، عالمی تنظیم کا مطالبہ
واشنگٹن(صباح نیوز)  انسانی حقوق کی عالمی تنظیم جینوسائیڈ واچ نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کے خطرے کا الرٹ جاری کردیا۔عالمی تنظیم نے اقوام متحدہ سے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی سے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں کئی لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں اور مسلمان اکثریت پر اقلیت ہندو فوج کی حکمرانی ہے، مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر قتل عام شروع ہوسکتا ہے۔جینوسائڈ واچ نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، اقوام متحدہ اور دنیا بھر کے ممالک بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کی وارننگ دیں۔جینوسائڈ واچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، تشدد اور جبری قید کا سلسلہ جاری ہے، مسلمان رہنمائوں کو جلا وطن کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ مواصلاتی نظام بھی معطل ہے۔

جینوسائیڈ واچ نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تصدیق کر دی، شاہ محمود
مقبوضہ کشمیر میں قتل عام ہو رہا ہے،  عالمی  تنظیم تمام صورتحال اور علامات دیکھ کر الرٹ جاری کرتی ہے
حالات سے تنگ کشمیری گھروں سے نکلتے ہیں تو بھارتی فوج گولیاں چلاتی ہے، وادی میں صورتحال بگڑ چکی
اسلام آباد(صباح نیوز)  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جو ہم مسلسل کہتے آرہے ہیں عالمی تنظیم جینوسائیڈ واچ نے بھی اس کی تصدیق کردی۔   انہوں  نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ جو ہم مسلسل کہتے آرہے ہیں  عالمی تنظیم نے بھی اس کی تصدیق کردی، مقبوضہ کشمیر میں قتل عام ہو رہا ہے، یہ تنظیم تمام صورتحال اور علامات دیکھ کر الرٹ جاری کرتی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وادی میں صورتحال اتنی بگڑ چکی کہ جینوسائیڈ واچ کو الرٹ جاری کرنا پڑا، حالات سے تنگ کشمیری گھروں سے نکلتے ہیں تو بھارتی فوج گولیاں چلاتی ہے، جہاں کرفیو ہو اور ادویات و کھانا نہ مل رہا ہو وہاں عوام باہر نکلنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔