بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں  ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے

 بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں  ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے
 گاندربل، بانڈی پورہ ، کپواڑہ ، بارہمولہ ، سرینگر، اسلام آباد ، کولگام کا محاصرہ تلاشی
ان علاقوں میں مسلسل 12دنوں سے تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کا رروائی جاری ہے 
سری نگر(کے پی آئی)آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 65ویں روز بھی کرفیو جاری ہے،  اس دوران منگل کو بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں  ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے ۔ بھارتی فوج نے پلوامہ  کے اونتی پورہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی آپریشن کے دوران  نوجوان کو گولی ماری۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔ادھربھارتی فوجیوںکی طرف سے گاندربل، بانڈی پورہ ، کپواڑہ ، بارہمولہ ، سرینگر، اسلام آباد ، کولگام ،شوپیاں، رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ اور دیگر قصبوں اور علاقوں میں مسلسل 12دنوں سے تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کا رروائی جاری ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاون کے باعث موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔، سری نگر میں ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کرفیو کی وجہ سے درجنوں مریض اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔مقبوضہ وادی میں بھارتی تسلط 65 ویں روز میں داخل ہوگیا۔ بھارتی ظلم کا شکار کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی، چپے چپے پر تعینات بھارتی فوج کی وجہ سے وادی اوپن ائیر جیل بن چکی ہے۔ کشمیری روز مرہ کی اشیا کے لیے ترس کر رہ گئے۔مسجدیں 65 روز سے نمازیوں کے لیے بند ہیں، شہری دکانیں، بزنس، تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ سے محروم ہیں۔ سری نگر کے ہسپتال میں ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کرفیو کی وجہ سے مریض ہسپتال نہیں پہنچ پا رہے، اب تک درجنوں بیمار افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، ادویات کی قلت اور پابندیوں کی وجہ سے 50 فیصد آپریشن تعطل کا شکار ہیں۔ نئی دہلی میں صحافی، سیاسی رہنما سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 284 لوگ وادی کی صورتحال پر پٹیشن دائر کرچکے ہیں۔